وزیراعلی شہبازشریف کا شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ کا دورہ ،پاک افغان سرحد پر فوجی افسروں اور جوانوں کے ساتھ تین گھنٹے گزارے

میرانشاہ میں 7ڈویژن ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل اظہر عباسی نے استقبال کیا ،پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے لئے پنجاب حکومت کے تعاون پر میجر جنرل اظہر عباسی کا اظہار تشکر

منگل 29 مئی 2018 21:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 29 مئی 2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے شمالی وزیر ستان کے علاقے میرانشاہ اور پاک افغان سرحد پر فوجی افسروں اورجوانوں کے ساتھ تین گھنٹے گزار ے۔محمد شہبازشریف میرانشاہ میں 7ڈویژن ہیڈ کوارٹرپہنچے تو جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل اظہر عباسی نے ان کا استقبال کیا اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔

میجر جنرل اظہر عباسی نے بتایا کہ 11کور سے تعلق رکھنے والے 4ہزار 5سو سے زائد افسروں اورجوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور16ہزاز سے زائد افسر اورجوان زخمی ہوئے ہیں ۔انہوںنے بتایا کہ اب تک دہشت گردوں اورانکے سہولت کاروں کیخلاف 521بڑے آپریشن کیے گئے ہیں جبکہ شمالی وزیر ستان سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیاگیاہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے افسروں اورجوانوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقوام عالم کی تاریخ میں ایسی عظیم قربانیوں کی کوئی مثال نہیں اور میں پاک فوج کے بہادر افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں اور میرے دورے کا مقصد پاک دھرتی کے ان بہادر سپوتوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے ۔

بریفنگ کے بعد وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے میرانشاہ میں یادگارشہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی او ر شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔بعدازاں محمد شہبازشریف نے یونس خان سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا ۔ وزیراعلیٰ کونمونے کے طورپر بنایاگیا کمپاؤنڈبھی دکھایا گیا جہاں پر دہشت گرداسلحہ رکھنے کے علاوہ قیدیوں کوبھی زیر حراست رکھتے تھے ۔

وزیراعلیٰ کو اس کمپاونڈ میںغیر ملکی کرنسی،خود کش حملے کیلئے تیار کیے جانیوالے کمرے اورزیر زمین جیل بھی دکھائی گئی۔وزیراعلیٰ کو بتایا گیاکہ اس طرح کے کمپاؤنڈ مختلف علاقوں میں تھے جن کا خاتمہ کردیاگیا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف بعد میں پاک افغان سرحد کے علاقے کیٹون گئے اور وہاں پر پاک افغان سرحدمینجمنٹ اور باڑ لگانے کا معائنہ کیا ۔

وزیراعلیٰ نے باڑ لگانے کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے سرحد پار دہشت گردوں کی آمدروکنے میں بے پناہ مدد ملے گی اوراس اقدام سے پورے پاکستان کو فائدہ پہنچے گا۔انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کیلئے ایک ارب روپے فراہم کئے ہیں کیونکہ یہ پاکستان کی بقاء کا مسئلہ ہے اورہم پاکستان کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ میجر جنرل اظہر عباسی نے پنجاب کے تعاون پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا ۔