آسمانی بجلی نے لاشوں کا ڈھیر لگا دیا

پیر 28 مئی 2018 14:00

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 28 مئی 2018ء) بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ میں آسمانی بجلی گرنے سی 8 افراد ہلاک اور طوفانی بارشوںکے باعث مختلف حادثات میں ایک درجن زخمی ہوگئے۔بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ریاست میں رواں ماہ کے دوران آسمانی بجلی گرنے اور موسلادھار بارشوں کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

طوفانی ہوائوں نے ریاستی دارالحکومت رانچی اور گرد و نواح کے علاقوں میں درجنوں درختوں، بجلی کے کھمبوں کو اکھاڑ دیا اور گھروں کی چھتیں اڑا کر لے گئیں۔آسمانی بجلی گرنے سے کھلاری میں 2 افراد، گریدی میں دو افراد، رام گڑھ ، ہزاری باغ ، کوڈرما اور لوہار ڈاگا میں ایک ایک فرد ہلاک ہوا۔علاقے میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات اس قدر زیادہ ہیں کہ لوگ ڈر کے مارے گھروں سے باہر نہیں نکل رہے۔بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق جھاڑ کھنڈ میں 12جون کو مون سون شروع ہونے تک طوفان باد و باراں اور آسمانی بجلی گرنے کا سلسلہ جاری رہنے کا اندیشہ ہے۔رپورٹ کے مطابق ریاست میں گذشتہ سال اس طرح کے واقعات کے نتیجہ میں 270 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔