خواتین کے گاڑی چلانے بارے امور مکمل،شاہی فرمان پر عمل درآمد وقت پر ہو گا، سعودی حکام

منگل 29 مئی 2018 10:40

ریاض۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 29 مئی 2018ء) سعودی وزیر داخلہ کے معاون برائے آپریشنز سعید القحطانی نے کہا ہے کہ ملک میں خواتین کے گاڑی چلانے کے حوالے سے تمام امور مکمل کر لیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں شاہی فرمان پر عمل درآمد اپنے وقت پر ہو گا۔العربیہ ٹی وی کے مطابق انہوں نے یہ بات جدہ میں ٹریفک سے متعلق ایک خصوصی فورم کے افتتاح کے موقع پر کہی۔

(جاری ہے)

سعیدالقحطانی نے خواتین کی جانب سے ٹریفک کی خلاف ورزیوں اور ان کو حراست میں رکھنے کے لیے کمرے بنانے کے حوالے سے کہا کہ ہمیں اس نا امیدی کی کیا ضرورت ہے،وہ توقع رکھتے ہیں کہ خواتین کی ڈرائیونگ زیادہ سلامتی کی حامل اور محفوظ ہو گی۔انھوں نے کہا کہ وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف ٹریفک کے حوالے سے جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، روڈ سکیورٹی کے لیے ٹیکنالوجی کو وسیع پیمانے پر استعمال میں لایا جا رہا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ عسکری شعبوں اور دیگر آسامیوں کے سلسلے میں خواتین کی بھرتی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سعیدالقحطانی نے باور کرایا کہ آئندہ ماہ سے مملکت میں خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت سے متعلق شاہی فرمان پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔