50 لاکھ امارتی درہم چُرانے کے جُرم میں گارڈ گرفتار

محبوبہ نے وین سے کیش چرانے کی واردات کا منصوبہ تیار کیاتھا،سکیورٹی گارڈ کا دعویٰ

منگل 29 مئی 2018 19:36

دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 29 مئی 2018ء)ایک سیکیورٹی گارڈ کو کیش لے جانے والی وین میں سے پچاس لاکھ اماراتی درہم چُرانے پر گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مُلزم نے 4 مارچ 2018ء کو یہ واردات اُس وقت انجام دی جب وہ اپنے ساتھی گارڈوں کے ساتھ ایک شاپنگ مال سے رقم لے کر کیش وین میں اپنی منزل کی طرف جا رہا تھا۔

جب کیش وین دیرہ سٹی سنٹر پر آ کر رُکی تو وہ اپنے ساتھی گارڈز کو جُل دے کر رقم چوری کر کے فرار ہو گیا۔ ملزم نے تفتیشی افسران کو بتایا کہ اس واردات کی منصوبہ بندی اس کی محبوبہ نے کی جوپچاس لاکھ اماراتی درہم کی چُرائی اس رقم میں سے تیس لاکھ درہم لے کر متحدہ عرب امارات سے فرار ہو گئی۔ عوامی استغاثہ کی تفتیش کے مطابق‘ جب گارڈ حمیرہ کے علاقے میں تعینات تھا‘ اسی دوران خاتون سے اُس کی دوستی ہوئی۔

(جاری ہے)

بعد کی ملاقاتوں میں اُس نے اپنی محبوبہ کو بتایا کہ اُس کی ملازمت میں ایک ذمہ داری یہ بھی تھی کہ وہ کمپنیز سے کیش وصول کر کے اُسے متعلقہ مقام تک پہنچائے۔ ایسی ہی ایک بات چیت کے دوران خاتون نے اُسے اُکسایا کہ وہ رقم چُرائے پھر وہ دونوں آپس میں آدھی آدھی رقم بانٹ لیں گے۔ملزم نے تفتیشی افسران کو بتایا کہ اُس نے خاتون کی بات مان لی اورپھر مِل کراس واردات کے لیے منصوبہ بندی کی۔

وقوعہ کے روز‘ ملزم نے منی ایکسچینجرز سے رقم اکٹھی کی اور پھروہ اپنے دیگر دو ساتھی گارڈوں کو چکمہ دے کر کیش باکس چُرانے میں کامیاب ہو گیا۔ منصوبے کے مطابق‘ وہ دیرہ سٹی سنٹر کی ایک لفٹ میں اپنی محبوبہ کو مِلا اور باکس اُس کے حوالے کر دیا۔ پھر وہ واپس اپنے ساتھی گارڈوں کے پاس پہنچ گیا تاکہ اُنہیں اُس پر کسی قسم کا کوئی شک نہ ہو۔ تقریباً ایک گھنٹے بعد اُس نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ وہ اُسے شاپنگ مال پر اُتار دیں تاکہ وہ اپنے لیے ایک موبائل فون خرید سکے۔

واش رُوم جانے کا بہانہ کر کے‘وہ شاپنگ مال سے نکلا اور ایک ٹیکسی لے کر مُرقبات کے علاقہ میں پہنچ گیا جہاں اُس کی محبوبہ رہائش پذیر تھی۔ملزم کے دعویٰ کے مطابق محبوبہ نے بیس لاکھ اماراتی درہم ملزم کو دے دیئے اور باقی رقم اپنے پاس رکھ لی۔بیس لاکھ درہم کی رقم میں سے اُس نے دو لاکھ اماراتی درہم علیحدہ کیے اور باقی کی رقم ایک تیسرے شخص کے حوالے کر دی (جو کہ امارات سے فرار ہو چُکا ہے)۔

پھر وہ الناہدہ کے علاقے میں گیا اور وہاں ایک شخص سے مِل کر اُسے 24 ہزار درہم دیئے تاکہ الیکٹرونکس کا کچھ سامان خریدا جا سکے۔ اس چوتھے ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ سامان خرید کر لایا تھا مگر اُسے پتا نہیں تھا کہ یہ رقم چوری کی ہے۔ پولیس نے مرکزی ملزم کینیائی سیکیورٹی گارڈ کو الناہدہ میں واقع اُس کی رہائش گاہ سے گرفتار کیااور اُس کے قبضے سے پچاس لاکھ اماراتی درہم میں سے دو لاکھ درہم کی وہ رقم برآمد کر لی جواُس نے اپنے پاس رکھ لی تھی۔ اس کے علاوہ اس چوری شُدہ رقم سے خریدا گیا الیکٹرانک کا سامان اور کچھ گھڑیاں بھی قبضے میں لے لیں۔