دنیا کے بڑے شہر زیورخ میں ملازمین کی تنخواہیں سب سے زیادہ،سان فرانسسکو دوسرے اورنیویارک تیسرے نمبر پر ہے،رپورٹ

بدھ 30 مئی 2018 13:00

برسلز۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 30 مئی 2018ء) سوئٹرزلینڈ کے شہر زیورخ میں ملازمین کی کم سے کم ماہانہ تنخواہ 5764 امریکی ڈالر ہے۔جرمنی کے ’ڈوئچے بنک‘ کی جانب سے جاری کردہ سالانہ ’عالمی نرخ میپ‘ کے نام سے ایک رپورٹ کے مطابق دنیا کے شہروں میں زیورخ میں ملازمین کی تنخواہیں سب سے زیادہ دی جاتی ہیں۔ فہرست میں سب سے زیادہ تنخواہیں دینے دینے والے شہروں میں زیورخ پہلے نمبر پر ہے۔

دوسرے نمبر پر امریکی ریاست کیلفورنیا کا شہر سان فرانسیسکو ہے جہاں اوسط تن خواہ 4974 امریکی ڈالر ہے۔نیویارک 4115 امریکی ڈالر تنخواہ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں 3914 ڈالر، امریکی شہر بوسٹن میں 3740، ناروے کے شہر اوسلو میں 3664، شیکاگو میں 3650، ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن میں 3462، امارات کے شہر دوبئی میں 3447 اور جرمنی کے شہر فرانکفرٹ میں اوسط تنخواہ 3389 امریکی ڈالر ہے۔

(جاری ہے)

جرمنی کے ’ڈوئچے بنک‘ کی جانب سے جاری کردہ سالانہ رپورٹ میں دنیا کے ایسے 10 شہروں کے نام جاری کیے گئے ہیں جو اپنے ملازمین کو سال بھر کے دوران سب سے زیادہ تنخواہیں اور مالی مراعات فراہم کرتے ہیں۔ ’ڈوئچے بنک‘ ہرسال مئی میں ’عالمی نرخ میپ‘ کے نام سے ایک رپورٹ جاری کرتا ہے جس میں مہنگائی، ملازمین کی تنخواہیں، شہریوں کی اوسط آمدن اورٹیکسوں سمیت دیگر امور پر بحث کی جاتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایسے شہر جہاں پر ملازمین کی ماہانہ تنخواہیں کم سے کم 3 ہزار امریکی ڈالر سے زیادہ ہیں سب سے زیادہ مشاہرے دینے والے شہروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ایسے دس شہروں میں متحدہ عرب امارات کے دبئی کا نام بھی شامل ہے جہاں سرکاری ملازمین کو ماہانہ کم سے کم 3 ہزار 447 ڈالر تنخواہ ادا کی جاتی ہے۔ یوں دبئی لندن، سنگاپور اور فرانکفرٹ جیسے شہروں سے بھی آگے ہے۔