اکلوتے بیٹے نے 5 مرلہ پلاٹ کیلئے بوڑھی ماں کو قتل کردیا

ماں پلاٹ بیچ کر حج پر جانا چاہتی تھی مگر ملزم اسے روکتا تھا، ماں کے نہ ماننے پر سفاک بیٹے نے انتہائی قدم اٹھا لیا

بدھ 30 مئی 2018 23:19

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 30 مئی 2018ء): اکلوتے بیٹے نے 5 مرلہ پلاٹ کیلئے بوڑھی ماں کو قتل کردیا ماں پلاٹ بیچ کر حج پر جانا چاہتی تھی مگر ملزم اسے روکتا تھا، ماں کے نہ ماننے پر سفاک بیٹے نے انتہائی قدم اٹھا لیا ۔ تفصیلات کے مطابق ماں باپ سے بڑھ کر کوئی رشتہ بھی انسان کو عزیز نہیں ہو سکتا ۔ماں باپ اپنے خون جگر سے ایک عرصہ اپنے بچوں کی پرورش اور نشو ونماکرتے ہیں اور ان سے امید کرتے ہیں کہ جب ماں باپ عمر کے اس حصے میں پہنچ جائیں کہ جب انکی توانائیاں جواب دے دیں تو انکے بچے ہی انکا سہارا بنیں اور وہ تمام خوشیاں جو انہوں نے انکی پرورش کے لیے گنوا دی تھیں ،انکے بچے انکو وہی خوشیاں لوٹا دیں ۔

مگر عصر حاضر میں جس بد ترین طریقے سے ہمارا خاندانی نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے اسکی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

زندگی کی تیز رفتاری میں بھاگتا ہوا انسان اپنے رشتوں کو کیسے پیچھے چھوڑ دیتا ہے شائد اسے بھی اندازہ نہیں ہوتا۔وہی والدین جنکی عرق ریزیوں نے اولاد کو ایک مخصوص مقام پر پہنچایا ہوتا ہے انکی موجودگی اسی اولاد کو بری لگنے لگتی ہے اور وہ ماں باپ سے پیچھا چھڑوا کر بھاگتے ہیں اور بسا اوقات انتہائی قدم اٹھانے سے بھی نہیں چوکتے۔

ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ شیخوپورہ میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق تار بازار مریدکے میں ملزم عارف نے اپنی بوڑھی ماں سیماں بی بی کو تیزدھار آلے سےقتل کرکے ڈکیتی کا ڈرامہ رچا دیا۔ مقتولہ پلاٹ فروخت کرکے حج کرنا چاہتی تھیں جبکہ ملزم اپنی ماں کو پلاٹ بیچنے سے روکتا تھا۔ اہل علاقہ کے مطابق ملزم عارف منشیات فروش ہے اور پہلے بھی کئی مرتبہ جیل جاچکا ہے۔یاد رہے کہ ایسے کچھ روز پہلے ایک دلخراش واقعہ سکھر میں پیش آیا تھا جہاں بیٹے نے ماں کو کچرے کے ڈھیر پر پھینک دیا تھا۔