الیکشن کمیشن کا عام انتخابات 2018کے شیڈول کا اعلان

انتخابات 25جولائی کو ہوں گے ، 2سی6جون تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے،جانچ پڑتال 14جون تک جبکہ حتمی فہرست 27جون کو شائع کی جائے گی، 29جون کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کئے جائیں گے یہ شیڈول آئین اور قانون کے مطابق ہے،ہمیں شیڈول دینے سے نہ روکا گیا ہے اور نہ کوئی رخنہ ڈالا گیا ہے، نگران حکومت کے ساتھ سیکیورٹی کے مسائل کو زیر بحث لایا جائے گا ، انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق ایک دو دن تک جاری کردیا جائے گا سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کی الیکشن کمیشن کے باہر صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 31 مئی 2018 22:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 31 مئی 2018ء) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018کے شیڈول کا اعلان کر دیا ، ، ملک میں عام انتخابات 25جولائی کو ہوں گے ، 2سی6جون تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے،کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 14جون تک کی جائے گی،امیدواروں کی حتمی فہرست 27جون کو شائع کی جائے گی، 29جون کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کئے جائیں گے، سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہا ہے کہ یہ شیڈول آئین اور قانون کے مطابق ہے،ہمیں شیڈول دینے سے نہ روکا گیا ہے اور نہ کوئی رخنہ ڈالا گیا ہے، نگران حکومت کے ساتھ سیکیورٹی کے مسائل کو زیر بحث لایا جائے گا ، انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق ایک دو دن تک جاری کردیا جائے گا۔

جمعرات کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہا کہ آج انتخابات کے حوالے سے اہم سنگ میل ہے ،الیکشن کمیشن نے آج شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،صدر مملکت نے انتخابات کے لئے 25جولائی کی تاریخ مقرر کر رکھی تھی قانون کے مطابق جب الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہو جائے تو7دن کے اندر اندر شیڈول جاری کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ (آج ) یکم جون کو پبلک نوٹس جاری کیا جائے گا جبکہ 2سی6جون تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے ، امیدواروں کے ناموں کی فہرست 7جون کو شائع کی جائے گی ، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 14جون تک کی جائے گی ، امیدوار ریٹرنگ افسران کے فیصلوں کے خلاف 19جون تک اپیلیں دائر کر سکیں گے جبکہ ایپلٹ ٹربیونل کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 26جون تک نمٹائی جائیں گی ،امیدواروں کی حتمی فہرست 27جون کو شائع کی جائے گی جبکہ 28جولائی تک امیدوار اپنے نام واپس لے سکتے ہیں جبکہ 29جون کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کئے جائیں گے ۔

بعد ازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ شیڈول آئین اور قانون کے مطابق ہے ،آج ہونے والے اجلاس میں بھی اہم تجاویز سامنے آئی ہیں ، الیکشن کمیشن نے تمام تجاویز کو سنا ہے ، ہم نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن مبصرین کی حوصلہ افزائی کرتا ہے ، بین الاقوامی میڈیا بھی آئے اور ہمارا الیکشن دیکھے یہ کوئی چھپانے والی بات نہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کے لئے بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دو دو سال کی سزا کی تجویز دی گئی ہے ۔ پولنگ ایجٹس اور میڈیا کیلئے بھی ضابطہ اخلاق بنایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے ساتھ سیکیورٹی کے مسائل کو زیر بحث لایا جائے گا ، آج ہونے والے اجلاس میں ہر سیاسی جماعت نے کہا ہے کہ شیڈول جاری کریں ۔ بابر یعقوب نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں میں رٹ دائر کرنے کا دائرہ اختیار موجود ہے ، ہمیں شیڈول دینے سے نہ روکا گیا ہے اور نہ کوئی رخنہ ڈالا گیا ہے ، ضابطہ اخلاق ایک دو دن تک جاری کردیا جائے گا ۔ عام انتخابات کیلئے 21کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔بیلٹ پیپرزکیلئے فرانس اور برطانیہ سے پیپرامپورٹ کیا گیا ہے۔