ایل این جی سکینڈل کی تحقیقات مکمل،نیب کا پی ایس او کے ایم ڈی عمران شیخ کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

نیب نے عمران شیخ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش وزارت داخلہ کوکردی ایل این جی سکینڈل کے دیگر ملزمان میں شاہد خاقان عباسی،ارشد مرزا،ممبر گیس اوگرا عامر نسیم وغیرہ کی جلد گرفتاری کا امکان

جمعرات 31 مئی 2018 23:44

اسلام اباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 31 مئی 2018ء)نیب حکام نے ایل این جی کرپشن سکینڈل کی تحقیقات مکمل کرتے ہوئے سکینڈل کے اہم ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے سکینڈل کے اہم ملزم عمران شیخ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے بارے وزارت داخلہ کو سفارش کی ہے تاکہ وہ پاکستان سے بیرون ملک بھاگ نہ جائیں۔

نیب کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پی ایس او کے موجودہ ایم ڈی عمران شیخ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ پاکستان سے بیرون ملک نہ بھاگ سکیں۔ایل این جی سکینڈل کے دیگر ملزمان میں شاہد خاقان عباسی،سیکرٹری داخلہ ارشد مرزا،نوازشریف،اوگرا ممبر گیس عامر نسیم،سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ افسران اور پی ایس او کے افسران شامل ہیں۔

(جاری ہے)

عمران شیخ کو موجودہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اینگرو کمپنی سے ایم ڈی پی ایس او بنایا تھا۔حکومت کا ادارہ جوائن کرنے سے قبل عمران شیخ اینگرو نامی کمپنی کے ایم ڈی تھے اور اس کمپنی کو پورٹ قاسم پر ایل این جی ٹرمینل لگانے کی اجازت دی گئی تھی،اینگرو نامی کمپنی کو آر ایل این جی ٹرمینل لگاتے وقت قواعد کی خلاف ورزی ہوئی تھیں اور ایک معاہدے کے مطابق حکومت کو پابند بنایا گیا تھا کہ ایل این جی کی درآمد میں تاخیر سے اینگرو2لاکھ بہتر ہزار امریکی ڈالر روزانہ کی بنیادوں پر حکومت سے جرمانہ کی صوت میں وصول کرے گا اور اس حوالے سے اب تک اینگرو کمپنی کو اربوں روپے جاری ہوچکے ہیں۔

عمران شیخ ایک متوسط خاندان سے تعلق رکھتا ہے اس کا والد معمولی سرکاری ملازم تھا لیکن اب عمران شیخ کے اثاثوں کی مالیت اربوں روپے تک ہے اور پی ایس او سے بھی ماہانہ6ملین سے زائد وصول کر رہا ہے۔نیب حکام بہت جلد ایل این جی سکینڈل کی ملزمان کی گرفتاریاں عمل میں لانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔