بھارت، تہاڑ جیل میں قید 59 ہندوبھی روزہ دار بن گئے،قیدیوں کے لئے افطار کا اہتمام، نمازکے لئے جگہ مختص

بدھ 30 مئی 2018 09:50

نئی دہلی۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 30 مئی 2018ء) بھارت کی سب سے بڑی تہاڑ جیل میں 59ہندو قیدیوں نے 2299 مسلمان قیدیوں کے ساتھ پورے اہتمام سے روزہ رکھنا شروع کر دیا۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اغوا کے الزام میں گرفتار 45 سالہ خاتون قیدی نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کی سلامتی کے لئے روزہ رکھ رہی ہے۔

ایک دوسرے قیدی نے کہا کہ وہ روزہ اس لئے رکھ رہا ہے تاکہ جلد جیل سے رہائی مل جائے۔

(جاری ہے)

چند ماہ قبل جیل آنے والے 21 سالہ نوجوان قیدی نے بتایا کہ وہ بھی جیل میں روزہ رکھ رہا ہے کیونکہ وہ مسلم روزہ داروں کا ساتھ دینا چاہتا ہے۔جیل کے ڈائریکٹر جنرل اجے کشیپ نے کہا کہ رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل تمام جیل افسران کے ساتھ میٹنگ میں کہا گیا کہ تمام جیلوں میں ماہ رمضان میں سحر اور افطار کا وقت صاف الفاظ میں بورڈ پر تحریر کیا جائے گا۔روزہ دار قیدیوں کے لئے روح افزا اور کھجورکا اہتمام کرتے ہیں، نماز ادا کرنے کے لئے جگہ مختص کی گئی ہے جیل کا نظام الاوقات روزہ داروں کا خیال رکھ کر ترتیب دیا گیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ جیل میں بعض ایسے قیدی ہیں جو مذہب کے حوالے سے پریشان ہیں ۔