مسلم لیگ ن کی قیادت کا چوہدری نثار پر بڑا سیاسی وار ، این اے 59 سے مسلم لیگ ن کا امیدوار سامنے آگیا

قومی اسمبلی کے ٹکٹ کا امیدوار ہوں، چوہدری نثار کا پارٹی رہنماوں میں بغاوت کا دعویٰ جھوٹا ہے،راجہ قمر اسلام کا دعویٰ

جمعرات 31 مئی 2018 21:53

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 31 مئی 2018ء):مسلم لیگ ن کی قیادت کا چوہدری نثار پر بڑا سیاسی وار ، این اے 59 سے مسلم لیگ ن کا امیدوار سامنے آگیا۔راجہ قمر اسلام نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے ٹکٹ کا امیدوار ہوں، چوہدری نثار کا پارٹی رہنماوں میں بغاوت کا دعویٰ جھوٹا ہے۔تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار کو مسلم لیگ ن میں ایک ستون کی حیثیت حاصل ہے۔

انکی مسلم لیگ ن کے ساتھ 35سالہ رفاقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔انہوں نے مشکل سے مشکل حالات میں جس طرح پارٹی کے ساتھ وفاداری قائم رکھی اسکی پاکستانی سیاست میں مثال کم ہی ملتی ہے۔انہوں نے پارٹی کے سیاسی نشیب و فراز میں پارٹی اور پارٹی قیات کا مکمل ساتھ دیا لیکن ہر حال میں ساتھ چلنے والے چوہدری نثار اب مسلم لیگ ن سے ناراض ناراض نظر آتے ہیں ۔

(جاری ہے)

پانامہ کیسسز اور اس کے بعد کی صورتحال میں پارٹی قیادت کی جانب سے جو اقدامات اٹھائے گئے ،سابق وزیر داخلہ کسی صورت بھی ان سے متفق ہونے پر راضی نہیں۔اس لیے بارہا ایسا موڑ بھی آیا کہ جس پر تبصرہ کرتے ہوئے سیاسی پنڈتوں کا کہنا تھا کہ شائد سابق وزیر داخلہ پارٹی کو خیرباد کہہ دیں۔تاہم مسلم لیگ ن کے ساتھ چوہدری نثار کے تعلقات اتار چڑھاو کے ساتھ موجود ہیں۔

تاہم تازہ ترین صورتحال نے چوہدری نثار کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔مسلم لیگ ن کی قیادت کا چوہدری نثار پر بڑا سیاسی وار کر دیا ہے۔ این اے 59 سے مسلم لیگ ن کا امیدوار سامنے آگیا۔راجہ قمر اسلام مسلم لیگ ن کے پرانے کارکن ہیں اور چوہدری نثار کا گڑھ سمجھے جانے والے حلقے میں مسلم لیگ ن کی جانب سے قومی اسمبلی کی ٹکٹ کے امیدوار ہیں۔اس حوالے سے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ قمر اسلام کا کہنا تھا کہ حلقے این اے 59میں مسلم لیگ ن کی جانب سے قومی اسمبلی کی ٹکٹ کے امیدوار ہیں اور انہوں نے ٹکٹ کے لیے درخواست بھی دے رکھی ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ چوہدری نثار غلط دعویٰ کر رہے ہیں کہ پارٹی رہنماوں میں بغاوت ہے اور 40 اراکین اسمبلی پارٹی چھوڑ کر چوہدری نثار کے ساتھ جانا چاہتے ہیں ۔راجہ قمر اسلام کا کہنا تھا کہ اگر مسلم لیگ ن کی جانب سے ٹکٹ دے دیا گیا تو اس حلقے میں جم کر چوہدری نثار کا مقابلہ کریں گے۔یاد رہے کہ اس حلقے سے پہلے ہی چوہدری نثار نے انتخابات لڑنے کا اعلان کر رکھا ہے۔