ْمتحدہ عرب امارات، عدالت نے احمد منصور کو10 سال قید اور ایک ملین درہم جرمانہ کی سز اسنا دی

رہائی کے بعد ان کی تین سال تک نگرانی کی جائے گی،عدالتی حکم

جمعرات 31 مئی 2018 23:56

ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 31 مئی 2018ء)متحدہ عرب امارات کی عدالت نے انسانی حقوق کے سرکردہ کارکن احمد منصور کو10 سال قید اور ایک ملین درہم جرمانہ کی سزا سنا دی،رہائی کے بعد بھی احمد منصور کی تین سال تک نگرانی کا حکم بھی صادر کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں انسانی حقوق کے سرکردہ کارکن احمد منصور کو دس سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ روزابو ظہبی کی ایک عدالت نے منصور کو قریب ایک ملین درہم جرمانہ بھی کر دیا۔ انہیں متحدہ عرب امارات کے ریاستی وقار اور اس کی علامات کی تضحیک کرنے پر یہ سزا سنائی گئی ہے۔ عدالت نے رہائی کے بعد بھی احمد منصور کی تین سال تک نگرانی کا حکم دیا ہے۔ مارچ 2017 میں منصور کی گرفتاری کی بین الاقوامی سطح پر مذمت کی گئی تھی۔ انسانی حقوق کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں کئی اعزازات بھی دیے جا چکے ہیں۔