بنگلہ دیش ، انسداد منشیات مہم ،14شتبہ ڈرگ ڈیلرز ہلاک،مہم میں ہلاک شدگان کی تعداد 122ہو گئی

جمعرات 31 مئی 2018 23:57

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 31 مئی 2018ء)بنگلہ دیش میں جاری انسداد منشیات کی ملک گیر مہم کے دوران14شتبہ ڈرگ ڈیلرز کو ہلاک کر دیا گیا،اس مہم میں* اب تک 122افراد ہلاک کئے جا چکے ہیں ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش میں انسداد منشیات کی ملک گیر مہم کے دوران مزید کم از کم چودہ مشتبہ ڈرگ ڈیلرز کو ہلاک کر دیا گیا۔

ڈھائی ہفتے قبل شروع کی گئی مہم کے دوران اب تک منشیات کا کاروبار کرنے والے ایک سو بیس افراد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا سے بدھ تیس مئی کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق پولیس نے آج بتایا کہ اس جنوبی ایشیائی ریاست میں منشیات کے کاروبار کے خلاف ملک گیر مہم پوری شدت سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران ملکی سکیورٹی فورسز کی تازہ ترین کارروائی میں منشیات کا کاروبار کرنے والے مزید کم از کم 14 مشتبہ افراد پولیس کے ہاتھوں مارے گئے ہیں۔

اس طرح ڈھائی ہفتے قبل 12 مئی کو شروع کی گئی اس اینٹی نارکوٹکس مہم کے دوران مارے جانے والے ڈرگ ڈیلرز کی مجموعی تعداد بھی اب 122 ہو گئی ہے۔ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ تازہ ہلاکتوں میں سے تین ڈرگ ڈیلرز کو ملکی دارالحکومت ڈھاکا میں جبکہ دو دیگر کو منگل انتیس مئی کو رات گئے جنوب مغربی بنگلہ دیشی ضلع جیسور میں گولی مار دی گئی۔ اس کے علاوہ کوکس بازار، چٹاگانگ، کومیلا اور سراج گنج سمیت متعدد اضلاع میں بھی کم از کم ایک ایک ڈرگ ڈیلر سکیورٹی فورسز کی گولیوں کا نشانہ بن گیا۔

اس کے علاوہ حکام کو ماگورا نامی جنوب مغربی ضلع سے تین ایسے افراد کی لاشیں بھی ملیں، جو مقامی سطح پر منشیات کی تجارت کا کام کرتے تھے۔ابنگلہ دیش میں انسداد منشیات کی اس ملک گیر مہم میں مرکزی کردار جرائم کی روک تھام کے لیے سرگرم ریپڈ ایکشن بٹالین یا آر اے بی نامی فورس کے دستے ادا کر رہے ہیں۔ اس فورس کی طرف سے بتایا گیا کہ منگل کو رات گئے مارے جانے والے ڈرگ ڈیلرز میں کافی بڑے پیمانے پر منشیات کی تجارت کرنے والا عطاالرحمان نامی وہ ڈیلر بھی شامل ہے، جس کی عمر 46 برس تھی۔ پولیس کے مطابق یہ تینوں ملزم آر اے بی کے دستوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے۔