الیکشن کمیشن کی سیاسی جماعت کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لینے والوں کو جماعتی وابستگی کا سرٹیفکیٹ کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک کر نے کی ہدایت

جمعہ 1 جون 2018 22:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 1 جون 2018ء) الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعت کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو جماعتی وابستگی کا سرٹیفکیٹ کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک کر نے کی ہدایت کر دی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایسے تمام امیدواروں جو کسی بھی سیاسی جماعت کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ جماعتی وابستگی کا سرٹیفکیٹ جو کہ الیکشن ایکٹ 2017ٰء کی دفعہ 60(2) کے تحت کاغذات نامزدگی کے صفحہ 3 پر موجود بیان حلفی کے مطابق ہر سیاسی جماعت کی جانب سے مقرکردہ عہدیدار کی جانب سے جاری شدہ ہو کا غذات نامزدگی جمع کراتے وقت ساتھ منسلک کریں۔

تاہم اگر کسی بھی وجہ سے کوئی امیدوار جماعتی وابستگی کا سرٹیفکیٹ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت جمع نہ کروا سکا تو ایسی صورت میں یہ سرٹیفکیٹ الیکشن ایکٹ 2017ء کی دفعہ 66 کے تحت انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کی مقررہ تاریخ سے پہلے متعلقہ ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کراسکتا ہے۔