خواجہ آصف کی نااہلی ختم ہونے کا فیصلہ ن لیگ کیلئے فائدے کی بجائے نقصان دہ ثابت ہوا

سابق وزیر خارجہ کے حق میں آنے والے فیصلے کے بعد ن لیگ کے عدلیہ مخالف بیانیے سے ہوا نکل گئی ہے، یہ بیانیہ اب بہت کمزور ہوگیا ہے: تجزیہ کار حبیب اکرم

جمعہ 1 جون 2018 21:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 1 جون 2018ء) تجزیہ کار حبیب اکرم کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کی نااہلی ختم ہونے کا فیصلہ ن لیگ کیلئے فائدے کی بجائے نقصان دہ ثابت ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی تاحیات نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیے جانے کے فیصلے پر معروف صحافی اور تجزیہ کار حبیب اکرم کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے معروف صحافی اور تجزیہ کار حبیب اکرم کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی نااہلی ختم ہونے کا فیصلہ ن لیگ کیلئے فائدے کی بجائے نقصان دہ ثابت ہوا ہے۔ کسی حد تک تو ن لیگ کو اس کا فائدہ ضرور ہوا ہے، لیکن سابق وزیر خارجہ کے حق میں آنے والے فیصلے کے بعد ن لیگ کے عدلیہ مخالف بیانیے سے ہوا نکل گئی ہے۔

(جاری ہے)

حبیب اکرم کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے خواجہ آصف کے حق میں دیے گئے فیصلے کے بعد ن لیگ کا عدلیہ مخلاف بیانیہ اب بہت کمزور ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ جمعے کے روز سپریم کورٹ کے جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اورجسٹس سجادعلی شاہ پرمشتمل تین رکنی بنچ نے خواجہ آصف تاحیات نااہلی کیس کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کے خلاف نظرثانی اپیل پر محفوظ کیا ہوا فیصلہ سنا دیا۔ سپریم کورٹ نے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا جس کے بعد ان کی تاحیات نااہلی بھی ختم ہو گئی۔

جسٹس عمر بندیال نے مختصر فیصلہ سنایا اور تفصیلی فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا۔ خواجہ آصف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے اقامہ کی بنیاد پر نااہل قرار دینے کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کر رکھی تھی۔ دوران سماعت تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کے وکیل سکندر بشیر مہمند نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف کی مدت بطور کابینہ ممبر کا ریکارڈ جمع کروایا ہے اور ان کا حلف بطور وزیر دیکھ لیا جائے۔

وکیل نے کہا کہ حلف یہ اٹھایا کہ وہ ذاتی مفاد کو خاطر میں نہیں لائیں گے لیکن وہ وزیر ہوتے ہوئے بیرون ملک ملازم بھی رہے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد خواجہ آصف کی نااہلی کے خلاف نظرثانی اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا اور کہا کہ اگر کسی نتیجے پر پہنچ گئے تو آج ہی فیصلہ سنا دیں گے۔یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 اپریل کو تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔