چین اورانڈونیشیاء کی جیلوں میں قید پاکستانیوں میں سرطان اور دیگرمہلک بیماریوں کاانکشاف

پنجاب اور خیبرپختونخواسے تعلق رکھنے والے دوقیدی سرطان سے جاں بحق،اس وقت چین میں400کے قریب پاکستانی اسیرہیں میت کی واپسی کیلئے لواحقین کاپاکستانی ایمبیسی سے رابطہ،سزایافتہ قیدی کی پاکستان کی جیل منتقلی کے لئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ

جمعہ 1 جون 2018 22:53

پشاور۔یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 1 جون 2018ء) غیرسرکاری تنظیم جسٹس اینڈہیومن رائٹس فارپرزنرزکے مطابق چین اورانڈونیشیاء کی جیلوں میں منشیات سمگلنگ کے کیسوں میں قید پاکستانیوں میں سرطان اور دیگرمہلک بیماریوں کاانکشاف ہوا ہے ۔جن میں صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخواسے تعلق رکھنے والے دوقیدیوں کی ہلاکت ہوئی ہے اس وقت چین میں400کے قریب پاکستانی اسیرہیں جن میں بیشتراپنی سزائیں مکمل کی ہوئی ہیں تاہم قیدیوں کی رہائی کیلئے سفارتی تعلقات استعمال نہ ہونے کے باعث پاکستانی سزاکاٹنے کے باوجود جیل میں پڑے ہوئے ہیں۔

چین کی جیلوں میں موجودپاکستانی قیدیوں کی رہائی کیلئے کام کرنے والی غیرسرکاری تنظیم جسٹس اینڈہیومن رائٹس فارپرزنرزکے مطابق اس وقت چین اور انڈونیشیا کے جیلوں میں چارسوسے زائدقیدی موجود ہیں جن میں ڈھائی سوکے قریب قیدیوں کی فہرست ان کے پاس موجودہے جبکہ باقی افرادکے بارے میں ان کے پاس کوئی ڈیٹاوغیرہ دستیاب نہیں جیلوں میں موجو دقیدیوں کا تعلق پنجاب،خیبرپختونخوا،گلگت اور ملک کے دیگر اضلاع سے ہے اسکے علاوہ جیلوں میں بھارتی باشندے بھی موجودہیں ۔

(جاری ہے)

تنظیم کے مطابق چین کی جیل میں اسیرپاکستانیوں میں بیشترسرطان اور دیگرمہلک بیماریوں میں مبتلا ہیں جن کے علاج معالجہ پر کسی قسم کاخیال نہیں رکھاجارہاہے ۔ عموماًطور پرسفارتی تعلقات کے تناظرمیں دوملکوں کے درمیان خیرسگالی طور پر قیدیوں کاتبادلہ ہوتاہے جس کیلئے دوملکوں کے درمیان باقاعدہ ایک معاہدہ طے پاتاہے تاہم پاکستان اور چین کے مابین قیدیوں کی رہائی سے متعلق کوئی معاہدہ نہ ہونے کی وجہ سے اکثرقیدی جوکہ اپنی سزا پوری کرچکے ہیں ابھی تک جیلوں میں قید ہیں۔

چین کی جیل میں سرطان کی بیماری سے دوپاکستانیوں کی ہلاکت ہوئی ہیں جن میں ایک کاتعلق پنجاب اور دوسرے کا خیبرپختونخواکے ضلع چارسدہ کارہائشی محمدگل شامل ہیں یہ دونوں مرحومین منشیات سمگلنگ کیس میں عمرقید کی سزا کاٹ رہے تھے ،محمدگل کے لواحقین کاکہناہے کہ مرحوم کی میت چین سے روانہ نہیں کی جارہی ہے اس سلسلے میں چین کی حکومت سے رابطہ کیامگروہ سفری اخراجات کے پیسے مانگ رہے ہیں جس کی استطاعت وہ نہیں رکھتے تاہم انہوں نے پاکستانی ایمبیسی سے اس متعلق بات کی ہے جنہوں نے میت کی واپسی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

چین کی جیل میں عمرقیدکی سزابھگتنے والے ایف جی کالج پشاور کینٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر کے سالے سعیدکے مطابق انکے بہنوئی گزشتہ پانچ سالوں سے چین کی جیل میں قید ہیں جیلوں میں اکثرقیدی اپنی سزاپوری کرچکے ہیں جن کی رہائی کیلئے حکومتی سطح پرکوئی بندوبست نہیں انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیاکہ بیرون ملک جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے سفارتی سطح پراقدامات اٹھائے جائیں اورجو قیدی سزایافتہ ہیں انہیں پاکستان کی جیلوں میں منتقل کیاجائے۔