عید کی تیاریاں شروع ،

خواتین عید کے ملبوسات کی خریداری کے لئے افطاری کے بعد بازاروں کا رخ کرنے لگیں

جمعہ 1 جون 2018 16:38

اسلام آباد ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 1 جون 2018ء) رمضان المبارک کے دوسرے عشرہ سے عوام نے عید کی تیاریاں شروع کر دیں بالخصوص بچے اور خواتین اپنے لئے عید کے ملبوسات، جوتے، کاسمیٹکس اور دیگر خریداری کے لئے شام ڈھلتے ہی افطاری کے بعد بازاروں کا رخ کرنے لگے ہیں ۔ خریداری کیلئے آئی ایک خاتون نسرین اختر نے کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں جہاں اپنے لئے روزمرہ استعمال کی ضرورت کی اشیاء خریدنا بھی مشکل ہو رہا ہے وہ اپنی بچائی ہوئی رقم کے ساتھ اپنے بچوں کے ساتھ خریداری کیلئے آئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلا شبہ عید خوشیوں کا دن ہوتا ہے اور اس میں بچوں کی بڑی دلچسپی ہوتی ہے۔ میں ان کی خوشیوں کو پورا کرنے کے لئے یہاں آئی ہوں تاہم ابھی سے دکانداروں نے اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے اور سوچ بچار کے بعد خریداری کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

راولپنڈی/اسلام آباد کے مختلف بازاروں میں عید کے اسٹالز سجنا شروع ہو گئے ہیں جہاں بچوں اور بڑوں کے کپڑے فروخت کے لئے لگائے گئے ہیں۔

ایک فلاحی کارکن ظفر محمود نے کہا کہ ہمارا دین سادگی کی تلقین کرتا ہے اور ہمیں موجودہ حالات میں سادگی کے ساتھ عید منانی چاہئے۔ ایک دکاندار شیخ عبدالوحید نے کہا کہ عید کے دنوں میں خریداری میں اضافہ ہو جاتا ہے اور ہم بہترین گارمنٹس فروخت کر کے اپنے لئے آمدن کا ذریعہ بناتے ہیں۔ ایک بچے شایان نے کہا کہ وہ ہر حال میں اپنے لئے کپڑے، جوتے اور دیگر اشیاء خریدے گا اور عید دھوم دھام سے منائے گا۔