سیاسی جماعتوں کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار کاغذات نامزدگی کیساتھ جماعتی وابستگی کا سرٹیفکیٹ بھی جمع کرائیں، الیکشن کمیشن کی ہدایت

جمعہ 1 جون 2018 19:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 1 جون 2018ء)الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے پلیٹ فارم سے عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کاغذات نامزدگی کے ساتھ جماعتی وابستگی کا سرٹیفکیٹ بھی جمع کرائیں تاہم اگر کسی وجہ سے کوئی امیدوار کاغذات نامزدگی کے ساتھ یہ سرٹیفکیٹ جمع نہیں کراتا تو اسے انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کی مقرر کردہ تاریخ سے پہلے یہ سرٹیفکیٹ ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کرانا ہو گا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق تمام امیدواران جو کسی سیاسی جماعت کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتخابی قانون 2017ء کی دفعہ 60 (2) کے تحت کاغذات نامزدگی کے صفحہ 3 پر موجود بیان حلفی کے مطابق ہر سیاسی جماعت کی جانب سے مقررہ کردہ عہدیدار کا جاری شدہ جماعتی وابستگی کا سرٹیفکیٹ کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک کرے تاہم اگر کسی وجہ سے کوئی امیدوار کاغذات نامزدگی کے ساتھ یہ سرٹیفکیٹ جمع نہیں کراتا تو اسے انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کی مقررہ تاریخ سے پہلے یہ سرٹیفکیٹ ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کرانا ہو گا۔