عائشہ گلالئی کاچارپارٹی ٹکٹ خواجہ سرائوں کو دینے اور خود 6حلقوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان۔ راولپنڈی سے عمران خان کیخلاف الیکشن لڑوں گی ، دوسری جماعتوں کے جیالے اور شیر ہوتے ہیں، ہماری پارٹی کے ابابیل ہوں گے ،

(ن) لیگ، پیپلزپارٹی اورپی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں، نوازشریف ، آصف زرداری اور عمران خان کی پشت پناہی میں قبضہ ڈان ہیں، پورے پاکستان کا کچرا تحریک انصاف میں آگیا ہے، ابابیل کی فورس تینوں ہاتھیوں کا مقابلہ کرے گی ، ریحام خان قابل احترام ہیں ان کو گالیاں دی جا رہی ہیں ، ان کے خلاف پیسہ دے کر مہم چلائی جارہی ہے ْپاکستان تحریک انصاف گلالئی کی سربراہ عائشہ گلالئی کی نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس

اتوار 3 جون 2018 21:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 3 جون 2018ء)پاکستان تحریک انصاف گلالئی کی سربراہ عائشہ گلالئی نے عام انتخابات میں چارپارٹی ٹکٹ خواجہ سرائوں کو دینے اور خود 6حلقوں سے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر تے ہو ئے کہا ہے کہ میں راولپنڈی سے عمران خان کے خلاف الیکشن لڑوں گی ، دوسری جماعتوں کے جیالے اور شیر ہوتے ہیں ہماری پارٹی کے ابابیل ہوں گے ،(ن) لیگ، پیپلزپارٹی اورپی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں ،، نوازشریف ، آصف زرداری اور عمران خان کی پشت پناہی میں قبضہ ڈان ہیں، پورے پاکستان کا کچرا تحریک انصاف میں آگیا ہے، ابابیل کی فورس تینوں ہاتھیوں کا مقابلہ کرے گی ، ریحام خان قابل احترام ہیں ان کو گالیاں دی جا رہی ہیں ، ان کے خلاف پیسہ دے کر مہم چلائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اتوار کو نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے کہا کہ کینیڈا کا ناروے میں سفیر تیسری جنس سے تعلق رکھتا ہے ، امریکہ اور کینیڈا میں بھی سب برابر ہوتے ہیں ، ہمارے ملک میں خواتین کے ساتھ جس طرح کا سلوک ہوتا ہے جب یہ واقعات باہر جاتے ہیں تو ملک میں کون سے سیاح آئیں گے ، سیالکوٹ میں احمدی کمیونٹی کی عبادت گاہ پر حملہ کیا گیا، جب اس طرح کے واقعات باہر جائیں گے تو کون ہمارے ملک میں آئے گا ، کیوبا کے لوگ خوشحال ہیں کیونکہ وہ عاجزی کا مظاہرہ کرتے ہیں پوری دنیا کے لوگ وہاں جاتے ہیں ، سیاحت سے ان کو فائدہ ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا اور امریکہ میں خواجہ سرا باوقار طریقے سے پھرتے ہیں ، ہمارے ملک میں خواجہ سرائوں کے ساتھ جو سلوک ہوتا ہے میں اس کی مذمت کرتی ہوں ، یہ ہمارے بہن بھائی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت نے چار خواجہ سرائوں کو عام انتخابات کے لئے ٹکٹس دیے ہیں جن میں نایاب علی کو حلقہ این اے 142،ندیم کشش کو این اے 52 سے طارق فضل چوہدری چوہدری کے مقابلے میں ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ لبنی لعل کو پی پی 26 اورمیڈیم رانی کو پی کے 40سے پاکستان تحریک انصاف گلائی کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے ۔

عائشہ گلالئی نے کہا کہ ہماری پارٹی نے ٹکٹوں کی فیس 15000صوبائی اور 30ہزار قومی اسمبلی کی فیس رکھی ہے لیکن ہم خواجہ سرائوں اور معذور افراد سے کوئی ٹکٹ فیس نہیں لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی پارٹی ہے جس کے منشور میں ہے کہ ہم معذور اور خواجہ سرائوں کے لئے اسمبلی میں مخصوص نشستیں لائیں گے ۔عائشہ گلالئی نے کہا کہ خواجہ سرائوں کے شناختی کارڈ میں مرد یا عورت کی بجائے جینڈر ایکس لکھنا چاہیے ،اسی طرح ان کے کاغذات نامزدگی بھی اس طرح کے بنائے جائیں ، پاسپورٹ میں بھی ان کا جینڈر گروپ لکھنا چاہیے ۔

عائشہ گلالئی نے کہا کہ دوسری جماعتوں کے جیالے اور شیر ہوتے ہیں ہماری پارٹی کے ابابیل ہوں گے ۔(ن) لیگ، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف میں کوئی فرق نہیں سارے کرپٹ افراد پی ٹی آئی میں آرہے ہیں ۔ ابابیل کی فورس تینوں ہاتھیوں کا مقابلہ کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ ایک انقلاب فرانس آیا تھا اب انقلاب پاکستان کے لئے تیار ہو جائیں ۔انہوں نے کہا کہ تینوں پارٹیوں میں قبضہ مافیا ہے ،نیب ان کے پیسوں سے غریبوں کیلئے ہزار ہزار گھر بنائے ، نوازشریف ، آصف زرداری اور عمران خان کی پشت پناہی میں قبضہ ڈان ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں 6 حلقوں سے الیکشن لڑوں گی ، راولپنڈی سے عمران خان کے خلاف الیکشن لڑوں گی ، اس کے علاوہ پشاور ، اسلام آباد لودھراں ، کراچی اور سجاول سے بھی الیکشن لڑوں گی ، شیخ رشید کے خلاف ہماری پارٹی سے شاہدہ بی بی الیکشن لڑیں گی ۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کا کچرا تحریک انصاف میں آگیا ہے ، (ن) لیگ تو ختم ہوچکی ،(ن) لیگ کو پی ٹی آئی خطرہ نہیں سمجھتی ، پی ٹی آئی کو ہماری پارٹی سے خطرہ ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریحام خان قابل احترام ہیں ان کو گالیاں دی جا رہی ہیں، ان کے خلاف پیسہ دے کر مہم چلائی جارہی ہے ، وہ سوشل ورکر ہیں ، میں نہیں سمجھتی کہ ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ ہے لیکن ہماری پارٹی سب کو خوش آمدید کہے گی۔ اس موقع پر این اے 142سے پی ٹی آئی گلالئی کی امیدوار نایاب علی نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ خواجہ سرا کمیونٹی کو کسی سیاسی جماعت نے ٹکٹ دیا ہے ، عائشہ گلالئی کا نام تاریخ میں سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی سیاسی جماعت کا ۱۱نکاتی ایجنڈا پیش کیا ، کیا اچھا ہوتا کہ وہ ۲۱نکاتی ایجنڈا ہوتا جس میں ایک ایجنڈا خواجہ سرائوں کی فلاح وبہبود کے لئے ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان سے خواجہ سرا کمیونٹی پی ٹی آئی گلالئی کو ووٹ دے گی ۔