روس، یو اے ای دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وسیع عالمی اتحاد کی تشکیل پر متفق

اماراتی ولی عہد کا دورہ روس، روسی صدرسے تفصیلی ملاقات، کئی معاہدوں اور باہمی تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے

ہفتہ 2 جون 2018 11:58

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 2 جون 2018ء)متحدہ عرب امارات اور روس نے دہشت گردی کے خلاف وسیع تر عالمی اتحاد کی تشکیل کا متفقہ مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملک مشرق وسطیٰ کو وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے پاک خطہ دیکھنا چاہتے ہیں۔عر ب ٹی وی کے مطابق امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نھیان نے اپنے دورہ روس کے دوران ماسکو میں روسی صدر ولادی میر پیوتن سے تفصیلی ملاقات کی۔

اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدوں اور باہمی تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔صدر پیوتن اور اماراتی ولی عہد کی ملاقات میں دوطرفہ تزویراتی شراکت کا اعلان کیا گیا۔ملاقات کے بعد میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا کہ روس اور امارات دہشت گردی کے پھیلتے ناسور کے خاتمے کے لیے مل کر کوششیں جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنا اور دہشت گردی کے معاون ممالک کو روکنا ہو گا۔

بیان میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ دہشت گردی کے حوالے سے دہرا معیار ترک کرتے ہوے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے بین الاقوامی معاہدوں کی روشنی میں دہشت گردی کے خلاف عالمی اتحاد تشکیل دے۔اس موقع پر دونوں ملکوں نے سیاسی اور دفاعی شعبوں سمیت دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے سے اتفاق کیا۔ دونوں ملکوں نے مشرق وسطیٰ کو دہشت گردی اور وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے پاک خطہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور اعلان کیا کہ ماسکو اور ابو ظہبی دہشت گردی کے خلاف مل کر جنگ جاری رکھیں گے۔