روس نے پینترابدل لیا،اسرائیل روس گٹھ جوڑ میں حیران کن پیشرفت سامنے آگئی

روس نے شام سے ایرانی فوج کے انخلا کا اعلان کر دیا،روسی مندوب فاسیلی نیپینزیا ن

ہفتہ 2 جون 2018 20:56

ْماسکو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 2 جون 2018ء)روس نے پینترابدل لیا،اسرائیل روس گٹھ جوڑ میں حیران کن پیشرفت سامنے آگئی، روس نے شام سے ایرانی فوج کے انخلا کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام میں ایرانی فوجیوں کے انخلا سے متعلق روس اور اسرائیل کے درمیان مبینہ ڈیل کی اطلاعات کے جلو میں روس نے ایک حیران کن اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ شام میں موجود ایرانی فوج چند روز کے اندر اندر ملک چھوڑ جائے گی۔

اقوام متحدہ میں روسی مندوب فاسیلی نیپینزیا نے جمعہ کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اسرائیل کی سرحد کے قریب شام کے جنوب مغربی علاقے سے ایرانی فوج کے انخلا کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ ایرانی فورسز چند ایام کے اندر اندر علاقہ خالی کردیں گی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں روسی مندوب کا کہنا تھا کہ جنوب مغربی شام میں اسرائیل کی سرحد سے متصل علاقوں سے ایرانی فورسز کے انخلا سے متعلق میڈیا میں آنے والی رپورٹس میری نظر سے گذری ہیں۔

میرے علم کے مطابق جنوب مغربی شام سے ایرانی فورسز چند روز کے اندر اندر نکل جائیں گی۔قبل ازیں شام کے ایک با خبر عسکری ذریعے نیکہا ہے کہ جنوبی شام کے شہر درعا سے ایرانی فورسز اور حزب اللہ ملیشیا نے انخلا پر آمادی ظاہر کر دی ہے جس کے بعد ایرانی جنگجوں کی واپسی شروع ہوگئی ہے۔ اپوزیشن کے ایک عسکری ذریعے نے بتایا کہ ایرانی فورسز کی درعا سے واپسی شروع ہوگئی اور بہت تھوڑی تعداد میں جنگجو اور اہلکار باقی رہ گئے ہیں۔

اگلے چند روز میں وہ بھی درعا سے نکل جائیں گے۔خیال رہے کہ درعا اور جنوب مغربی علاقوں سے ایرانی فورسز کے انخلا کا مطالبہ اسرائیل کی طرف سے سامنے آیا تھا جس کے بعد روس اور اسرائیل کے درمیان ایک معاہدہ بھی طے پایا جس کے تحت اسرائیل کی سرحد سے متصل علاقوں سے ایرانی فورسز کو نکالنے پر اتفاق کیا گیا۔