ریحام خان اور (ن) لیگ نے عمران خان پر تنقید کیلئے 10 کروڑ کی پیشکش کی، سلمان احمد

عمران خان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے کے لیے ریحام خان کی جانب سے ای میلزاور ٹوئٹس موصول ہوئیں ریحام خان کو کوئی ڈر نہیں ہے ،ْ کچھ نہیں چھپارہیں تو نجی چینل کے ٹاک شو میں میراسامنا کریں ،ْ میرے سوالوں کا جواب دیں ،ْٹوئٹر پر چیلنج

اتوار 3 جون 2018 18:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 3 جون 2018ء)معروف گلوکار اورپی ٹی آئی رہنما سلمان احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ ریحام خان اور پاکستان مسلم لیگ(ن)نے انہیں الیکشن سے قبل عمران خان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے کیلئے 10 کروڑ روپے کی پیشکش کی تھی۔گلوکار سلمان احمد نے ٹوئٹر پر دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان، پاکستان مسلم لیگ(ن)اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنماؤں کی جانب سے ان سے ایک ہی دن رابطہ کیاگیا اور عمران خان پر کیچڑ اچھالنے کیلئے کہاگیا۔

سلمان احمد نے لکھا کہ انہیں عمران خان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے کے لیے ریحام خان کی جانب سے ای میلزاور ٹوئٹس موصول ہوئیں اور اسی دن پاکستان مسلم لیگ (ن)کی جانب سے 10 کروڑ روپے کی پیشکش کی گئی۔

(جاری ہے)

سلمان نے ریحام خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر ریحام خان کو کوئی ڈر نہیں ہے اور وہ کچھ نہیں چھپارہیں تو نجی چینل کے ٹاک شو میں میراسامنا کریں اور میرے سوالوں کا جواب دیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں نامور پاکستانی اداکار ومیزبان اور سماجی رہنما حمزہ علی عباسی نے بھی ریحام خان کو ان کی کتاب کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے ریحام خان کی کتاب کا مسودہ پڑھا ہے، جس کے مطابق عمران خان دنیا کے سب سیبرے شخص، ریحام خان تہجد گزار خاتون اور شہباز شریف سب سے اچھے انسان ہیں۔ جس پر ریحام خان نے حمزہ علی عباسی پر انہیں دھمکیاں دینے کاالزام لگایا ہے۔