امریکہ نے جنوبی چینی سمندر میں چین کا مقابلہ کرنے پر غور شروع کر دیا

چینی اقدام سے دنیا کی بڑی بحری گزرگاہ میں کسی بھی فریق کے مفادات کو نقصان پہنچ سکتا ہے چین اس علاقے میں اپنی فوجی قوت اور تنصیبات میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے ، امریکہ کا الزام

اتوار 3 جون 2018 18:10

سنگاپور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 3 جون 2018ء)امریکہ جنوبی چینی سمندر میں چین کا مقابلہ کرنے کیلئے بحری گشت میں اضافے پر غور کر رہا ہے۔کیونکہ امریکی بقول اس بحری راستے میں چین اپنی فوجی قوت میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے،جس سے دنیا کی بڑی بحری گزرگاہ میں کسی فریق کے مفادات کو نقصان پہنچ سکتا ہے،اس لیے پینٹا گون جہاز رانی کے تحفظ کے نام پر اس علاقے میں جہاں چین کی فوجی تنصیبات موجود ہیں کے قریب بحری گشت میں اضافہ کرنا چاہتا ہے اس سلسلے میں دو امریکی سفارت کاروں کے درمیان بات چیت ہوئی ہے۔

تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی بات چیت میں کیا فیصلے کئے گئے ہیں، اگر امریکہ کی طرف سے اس قسم کی کارروائی ہوتی ہے تو اس میں چینی تنصیبات کی نگرانی کیلئے بڑی تعداد میں نگرانی اور کارروائی کرنے والے بحری جہاز حصہ لے سکتے ہیں، ان میں جدید فوجی ریڈار اور فوجی آلات کو جام کرنے والا نظام بھی شامل ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی حکام اس سلسلے میں اپنے بین الاقوامی اتحادیوں اور شراکت داروں کو بھی مجبور کر ر ہے ہیں کہ وہ اس تجارتی روٹ پر اپنے بحری جہا ز تعینات کریں تاہم پینٹاگون کے ترجمان لیفٹینٹ کرنل کرسٹوفرلوگن کا کہنا ہے کہ ہم اپنے دوستوں،شراکت داروں اور اتحادیوں کے ساتھ کام جاری رکھیں گئے،تاکہ بحرالکاہل کو آزاد تجارت کے لیے یقینی بنایا جا سکے۔

تاہم انہوں نے اس کی تفصیلات نہیں بتائیں۔