سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کے قریبی ساتھی نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی

سابقہ دورہ حکومت میں عوام کو سانحہ ماڈل جیسے واقعات دیکھنے کو ملے جہاں بے گناہ افراد اور حاملہ خاتون کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا اور مقدمہ تک درج نہیں ہوا ، ابرارالحق

پیر 4 جون 2018 21:24

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 4 جون 2018ء)سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کے قریبی ساتھی نے ن لیگ چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے حلقہ پی پی50نارووال سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا،بتایا گیا ہے کہ یونین کونسل دھرگ میانہ سے منتخب چیئرمین چوہدری سجاد مہیس نے اپنے گائوں موضع مہیس بوبے والی میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں ضلع بھر سے اہم سیاسی شخصیات کے علاوہ حلقہ کے ووٹرز کی بہت بڑی تعداد موجود تھی،اس موقع پر حلقہ این ای78سے پاکستان تحریک انصاف کے سینئررہنماء اور امیدوار ابرار الحق چوہدری نے شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری سجاد مہیس نے کہا کہ جن کو الیکشن میں کامیابی دلوانے کیلئے ہم اپنا تن من دھن لگاتے تھے وقت آنے پر انہوں نے بھی خاندانی سیاست کو فروغ دیا اور ن لیگ سے وابستہ پرانے کارکنوں کو بھول کر اپنے بیٹے کو ضلعی چیئرمین منتخب کروایا جس سے خاندانی سیاست سامنے آئی جو ان کا پرانا وطیرہ ہے اس لئے انہوں نے اپنے حلقہ کی عوام سے مشاورت کے بعد پی پی50سے الیکشن لڑنے اور پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے ،ابرارالحق چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چار دن پہلے ملک سے اس دور کا خاتمہ ہوا جن کو بار بار عوام نے کامیاب کروا یاتاکہ وہ ان کیلئے کچھ کریں لیکن ان کے دورہ حکومت میں ریکارڈ قرضے لئے گئے اور ریکارڈ کریشن کی گئی انہوں نے کہا کہ سابقہ دورہ حکومت میں عوام کو سانحہ ماڈل جیسے واقعات دیکھنے کو ملے جہاں بے گناہ افراد اور امید سے خاتون کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا اور مقدمہ تک درج نہیں ہوا انہوں نے کہا کہ چوہدری سجاد مہیس کا پارٹی میں آنے سے پاکستان تحریک انصاف مضبو ط ہوگی اس موقع پر حلقہ کی دیگر یونین کونسلوں کے چیئرمینوں نے بھی چوہدری سجاد مہیس کو الیکشن میں اپنے ساتھ دینے کا اعلان کیا ۔