عافیہ صدیقی کی وطن واپسی سے متعلق سپریم کورٹ میں درخواست سماعت کیلئے مقرر

منگل 5 جون 2018 23:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 5 جون 2018ء)امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے لیے سپریم کورٹ نے درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔ نجی ٹی وی کے مطابق فوزیہ صدیقی نے اپنی بہن عافیہ صدیقی کو وطن واپس لانے کے لیے قانونی جدوجہد شروع کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔

(جاری ہے)

فوزیہ صدیقی نے بہن کی امریکا سے وطن واپسی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جو اب سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار 7 جون کو درخواست پر اپنے چیمبر میں سماعت کریں گے۔

واضح رہے کہ 30 مارچ 2003 کو عافیہ صدیقی کو اس کے تین کمسن بچوں سمیت کراچی سے غائب کرکے امریکا کے حوالے کردیا گیا تھا اور اب عافیہ کو امریکی قید میں 15 سال بیت چکے ہیں۔امریکی صدر اوباما کے دور میں جب عافیہ صدیقی کی رہائی صرف ایک خط لکھنے کی دوری پر تھی اس وقت کی حکومت نے یہ موقع ضا ئو کردیا تھا تاہم اب بھی موجودہ حکومت ٹرمپ انتظامیہ کے اعلی عہدے داروں سے عافیہ کی رہائی کا معاملہ اٹھاسکتی ہے جو پاکستان کے دورے پر آتے ہیں۔