اختلافات کے باوجود قطر ایران کے خلاف کسی جارحیت کا حصہ نہیں بنے گا،نائب وزیر اعظم قطر

جنگ کی بجائے امن اور مذاکرات کی حکمت عملی اپناتے ہوئے اختلافات ختم کئے جا سکتے ہیں،خالد العطیہ

پیر 4 جون 2018 19:30

دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 4 جون 2018ء) قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع خالد العطیہ نے سنگاپور میں بین الاقوامی سیکورٹی کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ اختلافات کے باوجودقطر ایران کے خلاف کسی جارحیت کا حصہ نہیں بنے گا،جنگ کی بجائے امن اور مذاکرات کی حکمت عملی اپناتے ہوئے اختلافات ختم کئے جا سکتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سینئر قطری حکام نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ کوئی تنازع میں نہیں پڑنا چاہے گا۔قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع خالد العطیہ نے سنگاپور میں بین الاقوامی سیکیورٹی کانفرنس میں خطاب کے دوران کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ قطر کے ایران کے ساتھ بہت اختلافات ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم جائیں اور خطے میں جنگ کا آغاز کردیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ قطر کی جانب سے کسی کا نام نہیں لیا گیا لیکن اس کا اشارہ ایران کے مخالف سعودی عرب کی طرف ہوسکتا ہے، جس نے گزشتہ برس جون سے قطر کے ساتھ اپنے تعلقات منقطع کر رکھے ہیں۔خالد العطیہ کا کہنا تھا کہ ایران اگلا دروازہ ہے، ہمیں جنگ کے بجائے خطے میں امن کے لیے اسے بلانا چاہیے اور تمام معاملات کو ایک میز پر رکھ کر بات کا آغاز کرنا چاہیے۔کانفرنس کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا قطر کے فضائی اڈے ایران پر فضائی حملے لیے استعمال ہوں گے تو اس پر انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک جنگ کا پرستار نہیں ہے اور ہم تعلقات اور مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔