لاہور ہائیکورٹ نے 56 کمپنیوں کی تشکیل اور افسران کی تنخواہوں کو قانونی تحفظ فراہم کرنے سے متعلق پنجاب کابینہ کی منظوری کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیا، جواب طلب

منگل 5 جون 2018 00:05

لاہور۔4 جون(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 4 جون 2018ء)لاہور ہائیکورٹ نے اسمبلیوں کی تحلیل سے قبل 56 کمپنیوں کی تشکیل اور افسران کی تنخوائوں کو قانونی تحفظ فراہم کرنے سے متعلق پنجاب کابینہ کی منظوری کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس شاہد کریم نے منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ اظہر صدیق عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے سے قبل کابینہ کو کمپنیوں کی تشکیل سے متعلق فیصلے کا اختیار نہیں ۔ درخواست گزار وکیل نے استدعا کی کہ عدالت اسمبلیوں کی تحلیل سے قبل غیر قانونی اقدام کالعدم قرار دے۔ درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کمپنیوں سے متعلق کابینہ کے اجلاس کی کارروائی کا ریکارڈ طلب کرے، عدالت نے پنجاب حکومت اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے درخواست پر مزید کارروائی عید کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔