گولی کسی مسئلے کا حل نہیں وانا میں کشیدہ صورتحال کا خاتمہ کر کے تمام مسائل افہام و تفہیم کے ساتھ حل کئے جائیں ، اسفند یار ولی

قبائلی عوام کو اندھیروں سے نکال کر ان کا مستقبل تابناک بنانے کیلئے کام کیا جائے اور حکومت کو اس قسم کے واقعات پر قابو پانے کیلئے تدبر کا مظاہرہ کرنا چاہئے ، بیان

بدھ 6 جون 2018 23:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 6 جون 2018ء)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ گولی کسی مسئلے کا حل نہیں وانا میں کشیدہ صورتحال کا خاتمہ کر کے تمام مسائل افہام و تفہیم کے ساتھ حل کئے جائیں ، وانا میں حالیہ صورتحال اور کشیدہ حالات کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اے این پی ہر قیمت پر امن چاہتی ہے اور ہم عدم تشدد کے فلسفے کے پیروکار ہیں ، انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ،حکومت وزیرستان میں علی وزیر اور اس کے تمام ساتھیوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے اور جو واقعہ رونما ہوا ہے اس کی مکمل تحقیقات کر کے قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ فاٹا حال ہی میں صوبے میں ضم ہوا ہے اور ایسی صورتحال میں اس قسم کے واقعات کا ماحول پر منفی اثر پڑ سکتا ہے لہٰذا ایسا ماحول بنایا جائے تا کہ فاٹا انضمام کے بعد اعتماد کی فضاء بحال ہو سکے ، انہوں نے کہا کہ پُرامن طریقے سے مسائل کے حل کی سنجیدہ کوششیں ہونی چاہئیں اور حکومت کشیدہ صورتحال کا خاتمہ کر کے مسئلے کا پرامن حل تلاش کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ قبائلی عوام کو اندھیروں سے نکال کر ان کا مستقبل تابناک بنانے کیلئے کام کیا جائے اور حکومت کو اس قسم کے واقعات پر قابو پانے کیلئے تدبر کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔

متعلقہ عنوان :