سعودی تاریخ میں پہلی بار خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری،ویڈیو وائرل

پہلے مرحلے میں ان خواتین کو لائسنس دیئے جارہے جو پہلے ہی غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس رکھتی ہیں،حکام

منگل 5 جون 2018 12:27

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 5 جون 2018ء) سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔سعودی عرب میں پہلی بار کسی خاتون کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکار ایک خاتون کو ڈرائیونگ لائسنس دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی میڈیا کے مطابق پہلے مرحلے میں ان سعودی خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جارہے ہیں جو پہلے ہی غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس رکھتی ہیں۔سعودی ٹریفک حکام نے ان خواتین کے دستاویز کا جائرہ لیا اور پریکٹیکل ڈرائیونگ ٹیسٹ لینے کے بعد 10خواتین کو سعودی ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے۔خیال رہے کہ 8 مئی کو اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ سعودی عرب میں خواتین 24 جون سے گاڑی چلاسکیں گی۔سعودی عرب میں ستمبر2017 تک خواتین کے گاڑی چلانے پر پابندی عائد تھی تاہم ستمبر 2017 میں شاہی فرمان جاری کیا گیا تھا جس میں اس پابندی کو ختم کرنے اور خواتین کی ڈرائیونگ کو ممکن بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایات کی گئی تھیں۔