بھارتی شہری نے ایک کروڑ اماراتی درہم کی لاٹری جیت لی

دیگرنو بڑی انعامی رقوم جیتنے والوں میں پانچ بھارتی‘ تین پاکستانی اور ایک اماراتی شہری شامل

منگل 5 جون 2018 14:58

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 5 جون 2018ء)بھارتی شہری نے ابو ظہبی میں ایک کروڑ اماراتی درہم کی لاٹری جیت لی۔ تفصیلات کے مطابق ڈِکسن کٹیتھارا ابراہم نامی بھارتی شہری نے ابو ظہبی میں لاٹری ٹکٹ نمبر 012027 خریدا تھا‘جسے گزشتہ اتوار کو ہونے والی قرعہ اندازی کے دوران ایک کروڑ اماراتی درہم کے بمپر پرائز کا حقدار ٹھہرایا گیا۔

ڈِکسن کیٹتھارا طویل عرصے سے نائجیریا میں مقیم ہے۔ ایک کروڑ اماراتی درہم کی اس خطیر رقم والی لاٹری میں جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان گزشتہ روز صبح دس بجے ابو ظہبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ دیگر نو افراد بھی بڑی مالیت کی مختلف انعامی رقوم جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ ان نو خوش نصیبوں میں پانچ بھارتی‘ تین پاکستانی اور ایک اماراتی شہری شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایک لاکھ درہم کی لاٹری کا کا دوسرا انعام بھارتی شہر ی منوہر ٹِکم داس رُوپ ریل نے ‘ نوّے ہزار اماراتی درہم کا تیسرا انعام پاکستانی شہری غالب جان نے‘ 80 ہزار اماراتی درہم کا چوتھا انعام بھارتی شہری رِشل فاروق نے‘ 70 ہزار اماراتی درہم کا پانچواں انعام بھارتی شہری ڈینی مائیکل نے‘ 50 ہزار اماراتی درہم کا چھیواں انعام بھارتی شہری رنجیت کمار آنندا نے‘ 30 ہزار اماراتی درہم کا ساتواں انعام بھارتی شہری جیجی جون نے‘ 20 ہزار اماراتی درہم کا آٹھواں انعام پاکستانی شہری محمد ابراہیم و محمد اقبال نے‘ 10 ہزار درہم کا نوواں انعام اماراتی شہری صلیحہ ال دہیہری نے‘ جبکہ 10 ہزار اماراتی درہم کی رقم پر مشتمل دسواں انعام پاکستانی شہری سید نجیل حیدر نے جیتا۔

اس کے علاوہ لینڈ روور گاڑی کی لاٹری کا خصوصی انعام بھارتی شہری راگھون سُدرشنن کے حصّے میں آیا۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم بھارتی شہریوں میں لاٹری کی ٹکٹ کے حوالے سے خاصا جنون پایا جاتا ہے اور زیادہ سے زیادہ لاٹری ٹکٹ خریدنے کے باعث انعام کے زیادہ حقدار بھی بھارتی شہری ہی ٹھہرتے ہیں۔ اس کے بعد پاکستانیوں کا نمبر آتا ہے۔ جبکہ حیران کُن طور پر اس لاٹری میں صرف ایک اماراتی باشندہ انعامی رقم جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔