دُنیا کے پُرامن ممالک کی رینکنگ میں متحدہ عرب امارات 45 ویں نمبر پر فائز

آئس لینڈ دُنیا کا پُرامن ترین مُلک قرار

بدھ 6 جون 2018 17:55

دوبئی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 6 جون 2018ء)دُنیا کے پُرامن ممالک کی فہرست میں متحدہ عرب امارات 45 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔ اس بات کا انکشاف گلوبل پِیس انڈیکس کی جانب سے بُدھ کے روز لندن سے شائع ہونے والی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق 163 ممالک میں متحدہ عرب امارات پُرامن ممالک کی فہرست میں 45ویں نمبر پر فائز ہے۔

اس طرح اس نے گزشتہ رینکنگ کے مقابلے میں بارہ درجے کی ترقی حاصل کر لی ہے۔ یہ رپورٹ سڈنی کے اکنامکس اینڈ پِیس انسٹیٹیوٹ کی جانب سے تیار کی گئی ہے۔ گیمبیا نے سب سے زیادہ 35درجے کی ترقی حاصل کی جبکہ لائبیریا نے 27درجے کی چھلانگ لگائی ہے۔ اس انڈیکس میں پُرامن حالات کو جانچنے کے لیے معاشی ترقی کو بنیاد بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات مستقبل میں تیل کی کمی کے بحران سے نمٹنے کے لیے دیگر صنعتوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہا ہے اور خاص طور پر قابل تجدید توانائی کے شعبے میں بھاری رقم صرف کر رہا ہے۔

آئس لینڈ اس رپورٹ میں امن کے لحاظ سے درجہ اول پر ٹھہرایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پُرامن خلیجی ممالک کی فہرست میں کویت سرفہرست ہے جس کی عالمی رینکنگ 42بنتی ہے‘ 56جبکہ اومان اس فہرست میں 73ویں نمبر پر فائز ہے۔ سب سے دلچسپ رپورٹ قطر کے حوالے سے ہے جس کی درجہ بندی میں 26 درجے تنزلی واقع ہوئی ہے۔ اس وقت اس کا درجہ 84 بنتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات‘ سعودی عرب‘ مصر اور بحرین کے ساتھ جنم لینے والے تنازعے اور اس کے نتیجے میں مذکورہ ممالک کی جانب سے سیاسی اور معاشی بائیکاٹ کے باعث قطر کی بطور پُرامن ملک شناخت کو بہت بڑا دھچکا لگا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق پُر امن عرب ممالک کی فہرست میں کویت پہلے‘ متحدہ عرب امارات دوسرے‘ قطر تیسرے‘ مراکش چوتھے‘ اومان پانچویں‘ تیونس چھیویں‘ اُردن ساتویں‘ الجزائر آٹھویں‘ سعودی عرب نویں جبکہ بحرین دسویں مقام پر براجمان ہے۔