آصف زرداری این اے 213 سے انتخاب لڑیں گے، کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے گئے

آصف علی زرداری 2018 کے انتخابات میں وہ 25 سال بعد پارلیمانی سیاست میں واپس آئیں گے

بدھ 6 جون 2018 22:15

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 6 جون 2018ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری این اے 213 سے قومی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لیں گے۔آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی بدھ کے روز ریٹرننگ آفیسر ایڈیشنل سیشن جج مجبوب اعوان کے پاس جمع کرائے گئے، سابق صدر کے کاغذات نامزدگی ابوبکر زرداری نے وکلا ٹیم کے ہمراہ جمع کرائے۔

این ای213پر اس سے قبل آصف علی زرداری کی ہمشیرہ ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو رکن قومی اسمبلی منتخب ہو چکی ہیں۔ستمبر 2008میں صدر پاکستان کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے آصف علی زرداری دو بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہو چکے ہیں جب کہ ایک بار سینیٹر رہ چکے ہیں۔2018 کے انتخابات میں وہ 25 سال بعد پارلیمانی سیاست میں واپس آئیں گے۔

(جاری ہے)

1987 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو سے شادی سے قبل آصف علی زرداری نے 1985 کے غیر جماعتی انتخابات میں حصہ لیا لیکن کامیاب نہیں ہو سکے تھے البتہ 1990 کے عام انتخابات میں آصف علی زرداری پہلی بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، اس وقت بے نظیر بھٹو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تھیں جبکہ نواز شریف وزیر اعظم تھے۔

سابق صدر 1993 میں ایک بار پھر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور بے نظیر بھٹو کی کابینہ میں وزیر سرمایہ کاری مقرر ہوئے، 1997 میں جب اس اسمبلی کو تحلیل کیا گیا تو آصف زرداری کو سینیٹر بنا دیا گیا۔2004 میں جیل سے رہا ہونے کے بعد وہ خود ساختہ جلاوطنی پر دبئی چلے گئے تاہم 2007 میں بے نظیر بھٹو کے قتل کے بعد انہوں نے پاکستان واپس آ کر پاکستان پیپلز پارٹی کی باگ ڈور سنبھالی۔