نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کی پہلی کاروائی

نیشنل انڈسٹریل پارکس کے چیف ایگزیکٹوآفیسر مدثر اقبال کو برطرف کر دیا گیا

بدھ 6 جون 2018 21:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 6 جون 2018ء):نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے اپنی وزارت کی پہلی کاروائی کرتے ہوئے نیشنل انڈسٹریل پارکس کے چیف ایگزیکٹوآفیسر مدثر اقبال کو برطرف کر دیا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرنے کے بعد 31 مئی کو رخصت ہو چکی ہے جس کے بعد نگران حکومت نے ملک کی باگ ڈور سنبھال لی ہے۔

نگران وزیر اعظم ناصر الملک نے اپنی مختصر مگر بہترین کابینہ کا انتخاب کر لیا ہے۔نگران وفاقی کابینہ میں اچھی شہرت کے حامل افراد کو شامل کیا گیا۔کابینہ میں سابق گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر، اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے سابق مندوب عبداللہ حسین ہارون اور ماہرِ قانون علی ظفر کے علاوہ روشن خورشید بروچا، سابق بیورو کریٹ اعظم خان اور محمد یوسف شیخ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی کابینہ میں شامل تمام وزرا کو ایک سے زائد وزارتوں کے قلم دان سونپے گئے ہیں۔ڈاکٹر شمشاد اختر کو خزانہ، محصولات، شماریات اور منصوبہ بندی، تجارت اور صنعتی پیداوار کی وزارتوں کے قلم دان سونپے گئے ہیں۔اس حوالے سے نگران وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر نے دفتر سنبھال لیا ہے۔نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے اپنی وزارت کی پہلی کاروائی کرتے ہوئے نیشنل انڈسٹریل پارکس کے چیف ایگزیکٹوآفیسر مدثر اقبال کو برطرف کر دیا۔نیشنل انڈسٹریل پارکس کے چیف ایگزیکٹوآفیسر مدثر اقبال کی برطرفی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مد ثر اقبال کو بورڈ کی سفارش اور وزارت صنعت و پیداوار کے فیصلے پر ہٹایا گیا۔