عمران خان اور سابق آئی ایس آئی سربراہ ظہیر الاسلام کی ملاقات کا انکشاف

طلاق کے چند ماہ بعد ایک میٹنگ میں عمران خان نے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ سے میرے اور فوج کے ایک میجر کے مبینہ تعلق کے بارے میں پوچھا تھا: ریحام خان

بدھ 6 جون 2018 21:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 6 جون 2018ء) عمران خان اور سابق آئی ایس آئی سربراہ ظہیر الاسلام کی ملاقات کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کی جانب سے لکھی گئی کتاب نے خاصی ہلچل مچائی ہے۔ اس کتاب کے مسودے کے حوالے سے کئی روز سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر چرچے جاری ہیں۔

ہر روز ریحام خان کی متنازعہ کتاب کی کوئی نہ کوئی متنازعہ تفصیل جاری کردی جاتی ہے۔ ریحام خان کا دعوی ہے کہ ان کی کتاب کو اشاعت سے قبل ہی ہیک کر لیا گیا ہے۔ اب ریحام خان کی کتاب کی مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ ہم سب ویب سائٹ کی جانب سے شائع کی جانے والی خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ریحام خان نے اپنی مبینہ کتاب میں ایک تہلکہ خیز انکشاف کیا ہے۔

(جاری ہے)

ریحام خان نے دعوی کیا ہے کہ عمران خان اور سابق آئی ایس آئی سربراہ ظہیر الاسلام کی ملاقات ہوئی تھی۔ عمران خان اور سابق آئی ایس آئی سربراہ ظہیر الاسلام کی ملاقات ان کی طلاق کے بعد ہوئی تھی۔ ریحام خان کا کہنا ہے کہ عمران خان انتہائی شکی مزاج ہیں، ریحام خان نے اپنی مبینہ کتاب میں لکھا کہ عمران خان نے مجھ پرکئی الزامات لگائے، ان میں سے ایک یہ بھی تھا کہ میرا آئی ایس آئی کے ایک میجر کے ساتھ چکر چل رہا ہے،عمران خان نے فون پر چیخ چیخ کر مجھ سے کہا کہ تمہارا آئی ایس آئی کے میجر کے ساتھ تعلق ہے۔

اس دوران وہ میری بات تک سننے کو تیار نہ تھا۔ اس معاملے میں عمران خان اس حد تک آگے چلا گیا کہ ہماری طلاق کے چند ماہ بعد ایک میٹنگ میں اس نے آئی ایس آئی کے ایک سابق سربراہ سے میرے اور اس میجر کے مبینہ تعلق کے بارے میں پوچھ لیا۔ یہ شخص ڈی جی آئی ایس آئی ظہیر الاسلام تھے جن کو عمران خان کی بات اس قدر ناگوار گزری کہ  وہ میٹنگ سے اٹھ کر ہی چلے گئے اور دوبارہ عمران خان سے ملاقات کرنے سے بھی انکار کر دیا۔ ریحام خان کا مزید دعویٰ ہے کہ بعد میں جنرل ظہیر الاسلام نے کسی سے ملاقات میں کہا کہ عمران خان ایک ہذیاتی کیفیت میں مبتلا مخبوط الحواس شخص ہے۔