اسلام اور پاکستان کیلئے مجھے اپنی جان کی بھی پرواہ نہیں ہے ،ْنواز شریف

اس ملک کے تقریبا20 کروڑ عوام کی نظریں ملکی ترقی میں روڑے اٹکانے والوں پر فوکس ہیں،آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ سب سے زیادہ ووٹ لیکر کامیابی حاصل کریگی ،ْسابق وزیر اعظم

جمعہ 8 جون 2018 00:02

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 7 جون 2018ء)مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ اسلام اور پاکستان کیلئے مجھے اپنی جان کی بھی پرواہ نہیں ہے، مجھے پانامہ کی بجائے اقامہ پر نااہل قرار دیکر اورپارٹی صدارت سے ہٹا کرقبل از انتخابات دھاندلی کا آغاز کیا گیا،مجھ پر کرپشن کی ایک پائی بھی ثابت نہیں کی جاسکی،عوام لمحہ بہ لمحہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں،اس ملک کے تقریبا20 کروڑ عوام کی نظریں ملکی ترقی میں روڑے اٹکانے والوں پر فوکس ہیں،آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ سب سے زیادہ ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرے گی۔

جمعرات کواسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے راہنما تنویر اختر شیخ سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہمارے بچوں کی دیواروں پر ٹنگے ہوئے کپڑوں اور ان کے گھومنے پھرنے پر پر بھی نظر رکھی جارہی ہے، سینیٹ الیکشن میں ہمارے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ سے محروم کردیا گیا جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

یہاں ہر بات کا سوموٹو نوٹس لیا جاتا ہے مگر (ن) لیگ کے لوگوں کو دوسری جماعتوں میں شامل کیا جاتا ہے تو اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اخبارات میں ریحام خان کی کتاب اور جمائما خان کی طرف سے ہرجانے کا دعویٰ دائرکرانے کے بارے میں پڑھا ہے،مجھے نہیں معلوم کہ عمران خان کا کیا معاملہ ہے،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی کارکن ملکی ترقی و استحکام کیلئے پہلے کی طرح کمر بستہ رہیںہم نے اس ملک کو ایٹمی طاقت بنایا،توانائی منصوبے مکمل کیئے،بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم کی،موٹروے،میٹرو بس،اورنج لائن ٹرین دی،سی پیک لائے تاکہ ترقی اور خوشحالی آئے،انشاء اللہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) سب سے زیادہ ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرے گی اور اقتدار میں آکررکے ہوئے منصوبوںکی تکمیل کے ساتھ جدیدنئے منصوبے بھی شروع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے پانچ سالہ دور حکومت میں رکاوٹیں نہ ڈالی جاتیں،دھرنے نہ ہوتے تو آج ملک میں کوئی نوجوان بے روز گار نہ پھرتا۔