شارجہ: 48 ہزار درہم کے فراڈ پر انجینئر کو چھ ماہ قید کی سزا

ملزم نے اپنے ساتھی عہدیداروں کو بھی فراڈ کی ترغیب دی

بدھ 6 جون 2018 15:02

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 6 جون 2018ء)شارجہ کی عدالت نے مقامی نجی کمپنی میں ملازم آئی ٹی انجینئر کو دھوکا دہی کے الزام میں چھ ماہ قید کی سزا سُنا دی۔ تفصیلات کے مطابق دوبئی کے انڈسٹریل ایریا کی ایک نجی کمپنی میں آئی ٹی انجینئر کے عہدے پر فائز ملزم پر الزام تھا کہ وہ کمپنی کی انوائسز میں رد و بدل کر کے 48 ہزار اماراتی درہم کے فراڈ کا مرتکب ہوا۔

عدالت کی جانب سے ملزم کی سزا پُوری ہونے کے بعد اُسے فوری طور پر ڈی پورٹ کرنے کا حُکم بھی سُنایا گیا ہے۔ عدالت میں پیش کیے گئے ثبوتوں اور گواہوں کے بیان سے ثابت ہو گیا کہ ملزم نے دفتری دستاویز میں رد و بدل کر کے رقم کا غبن کیا۔ اس کے علاوہ اُس نے اپنے دفتر کے دیگر ملازمین کو بھی اپنے اس جُرم میں شریک کرنے کے لیے پچاس فیصد حصّے کی آفر دی‘ مگر انہوں نے اس جُرم کا حصّہ بننے سے صاف انکار کر دیا۔

(جاری ہے)

ملزم کی غلط حرکات کا علم تب ہوا جب کمپنی کے سیلز ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے والے ساتھی ملازم نے اُس کا بھانڈا پھوڑ دیا۔مذکورہ ساتھی ملازم کا کہنا تھا کہ ملزم نے اُسے ترغیب دی کہ وہ کمپنی کے اکاؤنٹنگ سسٹم سے کچھ سیلز انوائسز کا ریکارڈ ختم کر دے۔ ملزم کو کمپیوٹر انجینئر ہونے کے ناتے انوائسز کی فہرست تک رسائی حاصل تھی۔ جس کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اُس نے دس انوائسز کے ریکارڈ میں رد و بدل کر کے کمپنی کو 48ہزار اماراتی درہم کا نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

ساتھی ملازم کے مطابق ملزم نے اُسے آفر کی کہ اگر وہ اس فراڈ میں اُس کاساتھ دے گا تو اُسے بھی ہر فراڈ شُدہ بِل کے بدلے پچاس فیصد حصّہ دِیا جائے گا۔ ملزم اس عمل پر اُبھارنے کی خاطر اُس کی رہائش گاہ پر پہنچ گیا۔ مگر ساتھی ملازم نے ملزم کی جانب سے رشوت کے طور پر دی جانے والی رقم اور موبائل فون لینے سے انکار کر دِیا اور کمپنی کو اس فراڈ کی اطلاع کر دی۔