ٹریفک خلاف ورزی کی نشاندہی کرنے والا نیا نظام ازدواجی تعلقات میں بگاڑ کا باعث بن بیٹھا

سعودی عرب کے ایک وکیل اور مشیر قانون کا دلچسپ دعویٰ سامنے آ گیا

بدھ 6 جون 2018 16:36

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 6 جون 2018ء)سعودی ماہر قانون نواف النباتی کا کہنا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزی کا پتا چلانے کا نیا نظام ’ساحر‘خاوند اور بیوی کے درمیان ٹریفک سے متعلقہ 70فیصد جھگڑوں کا باعث بن بیٹھا ہے۔ اس کے باعث ازدواجی تعلقات میں بگاڑ پیدا ہو رہا ہے۔ النباتی کے مطابق کسی خاتون کے نام رجسٹرڈ گاڑی پر جب کسی ٹریفک خلاف ورزی کی بناء پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے تو خاتون کی جانب سے عدالت میں دعویٰ دائر کیا جاتا ہے کہ گاڑی خاتون کی ملکی تھی‘ مگر جس وقت اُس پر ٹریفک خلاف ورزی کے باعث جرمانہ عائد کیا گیا‘ اُسے اُس کا خاوند چلا رہا تھا‘ لہٰذا جرمانے کی رقم بھی خاوند کو ہی ادا کرنی چاہیے۔

ٹریفک خلاف ورزی کی نشاندہی کرنے والے نئے نظام ’ساحر‘ کے لاگو ہونے کے بعد اپریل 2018سے اب تک ٹریفک کی خلاف ورزی کے12,024کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ بہت بڑی تعداد ہے۔

(جاری ہے)

ان کیسز میں بڑی تعداد اُن کیسز کی بھی سامنے آئی جن میں کسی خاتون کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ جب اُس کی ملکیتی گاڑی کو ٹریفک خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا‘ اُس وقت اُسے وہ نہیں بلکہ اُس کا خاوند چلا رہا تھا۔

اس لیے جرمانہ بھی خاوند پر ہی عائد ہونا چاہیے۔ ہر مہینے خواتین کی جانب سے عدالتوں میں اس نوعیت کے تقریباً پچاس کیسز دائر کیے جا رہے ہیں۔ النباتی نے مزید بتایا کہ اس وقت عائلی عدالتوں میں ازدواجی تعلقات میں بگاڑ کے حوالے سے دائر 70فیصد مقدمات کے پس منظر میں ٹریفک خلاف ورزی سے جنم لینے والی کشیدہ صورت حال ہے۔ خواتین کی جانب سے ناکردہ خلاف ورزی پر بھی انہیں جُرمانے کی اذیت سے دوچار ہونے کی ایک بڑی وجہ اس کی ایک بڑی ان (خواتین) کی ٹریفک ضوابط سے بے خبری ہے جبکہ مرد حضرات بھی اپنی بیویوں کے نام رجسٹرڈ گاڑیوں کو غیر ذمہ دارانہ اور لاپرواہی سے چلانے کے مرتکب ہوتے ہیں۔

اگر خواتین خاوند کی جانب سے گاڑی چلانے کے دوران ٹریفک خلاف وزری کی صورت میں اُن پر عائد کیے گئے جُرمانے کے خلاف اپیل درج کرتی ہیں اور متعلقہ محکمہ اس بات کا یقین کر لیتا ہے کہ گاڑی خاتون کی بجائے اس کا خاوند چلا رہا تھا‘ تو پھر خاوند جُرمانہ ادا کرنے کا پابند ہو گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر میاں بیوی کے درمیان ازدواجی تعلقات کشیدہ ہوں تو پھر کچھ خاوند جان بُوجھ کر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں تاکہ گاڑی بیوی کے نام رجسٹرڈ ہونے کی وجہ سے عائد ہونے والا جرمانہ بیوی کے لیے ذہنی اذیت کا باعث بنے۔