شام ، بشار الاسد کے 45 فوجی داعش حملے میں لقمہ اجل بن گئے، 26داعشی شدت پسند واصل جہنم

بدھ 6 جون 2018 17:58

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 6 جون 2018ء)شام میں انسانی حقوق کے اداروں نے کہا ہے کہ بشار الاسد کے 45 فوجی داعش کے حملے میں لقمہ اجل بن گئے جب کہ 26داعشی شدت پسند واصل جہنم ہوئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے اداروں کے مطابق دریائے فرات کے مغربی کنارے داعش کے شدت پسندوں نے اسد رجیم کے اہلکاروں پر ہلاکت خیز حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 45 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

شام میں انسانی حقوق کی صورتحال مانیٹر کرنے والی آبزرویٹری کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ داعش کے جنگجوں نے دریائے فرات کے مغربی کنارے سرکاری فوج کے زیر کنٹرول علاقوں میں گھس کر حملہ کیا جس میں کم سے کم 45 شامی فوجی ہلاک ہو گئے۔

(جاری ہے)

جاری جھڑپوں میں شامی فوج کا یہ سب سے بڑا جانی نقصان ہے جب کہ دوسری طرف شام اور دوسرے ملکوں سے تعلق رکھنے والے 26 داعشی شدت پسندوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

رامی عبدالرحمان کے مطابق دریائے فرات کے مغربی کنارے پر داعش کے جنگجوں سے لڑنے والے اسدی فوجیوں کے ساتھ ایران، عراق، لبنانی حزب اللہ اور افغانستان کی شیعہ ملیشیاں کے عناصر بھی شامل ہیں۔انسانی حقوق کے مندوب کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں روسی فوج کی طرف سے اپنے حلیف بشارالاسد کی وفادار فورسز کو فضائی معاونت یا تحفظ فراہم نہیں کیا گیا۔