دُبئی: بھارتی منیجر جنسی ہراسگی کے جُرم میں سلاخوں کے پیچھے جا پہنچا

سزا پوری ہونے کے فوراً بعد امارات بدری کی خفت بھی اُٹھانی پڑے گی

جمعرات 7 جون 2018 16:39

دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 7 جون 2018ء)بھارتی شہری کو سر راہ فلپائنی خاتون کو جنسی ہراسگی کا نشانہ بنانے پر تین ماہ قید اور امارات بدری کی سزا سُنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مقدمے کی مُدعیہ چوالیس سالہ فلپائنی خاتون ہے جو لائف کوچ کے پیشے سے جُڑی ہے‘ مارچ 2018ء کی ایک دوپہر کو وہ اپنی ایک سہیلی کے ساتھ مقامی ٹائپنگ سنٹر سے باہر آئی اور فُٹ پاتھ پر چلنا شروع کر دیا۔

اس دوران وہ اپنی سہیلی کے ساتھ گفتگو بھی کر رہی تھی کہ اچانک سامنے سے ایک 45 سالہ بھارتی شہری اُن کے سامنے آ گیا۔ جس نے مُدعیہ کو گفتگو میں مصروف دیکھ کر موقعے کا فائدہ اُٹھانے کی غرض سے اُس کے جسم کے مخصوص حصّے کو چھُوا۔ اس اچانک جنسی حملے پر حواس باختہ فلپائنی خاتون نے چِلّانا شروع کر دیا اور بھارتی شہری کو اس کے اس شرمناک طرزِ عمل پر لعنت ملامت بھی کی۔

(جاری ہے)

خاتون نے جنسی ہراسگی کے اس واقعے کی اطلاع موبائل کال کے ذریعے فوری طور پر پولیس کو دی جس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔ عدالت میں زیر سماعت مقدمے کی سماعت کے دوران ملزم نے اپنے خلاف جنسی حملے کے الزام کو ماننے سے انکار کر دیا۔ مگر عدالت نے پیش کیے گئے ثبوتوں اور گواہوں کے بیانات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزم کو جنسی ہراسگی کا مرتکب قرار دے دیا جس کے بدلے میں ملزم کو تین ماہ قید کی سزا سُنائی گئی ہے جبکہ سزا مکمل ہونے کے فوراً بعداُسے امارات سے ڈی پورٹ کر دِیا جائے گا۔

مُدعیہ کے مطابق یہ وقوعہ دوپہر پونے دو بجے کے قریب اُس وقت رُونما ہوا جب وہ ایک ٹائپنگ سنٹر سے اپنی سہیلی کے ہمراہ باہر آئی تھی۔ مُدعیہ نے ملزم پرکے خلاف جذباتی صدمہ پہنچانے کے الزام کے تحت 21 ہزار اماراتی درہم کے ہرجانے کا بھی دعویٰ کر رکھا ہے جس کی سماعت کے لیے عدالت نے اسے متعلقہ سول کورٹ میں منتقل کر دیا۔ملزم کو پندرہ دِن کے اندر فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا قانونی حق دیا گیا ہے۔ ملزم ایک مقامی کمپنی میں منیجر کے عہدے پر فائز تھا۔