ٹیکسلا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چوہدری نثار کے مقابلے میں کسی ن لیگی رہنما کا الیکشن لڑنے کا فیصلہ

ن لیگ کے سردارممتاز خان نے این اے 63 سے چوہدری نثار کیخلاف الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے چودھری نثار گزشتہ کئی انتخابات میں اس حلقے سے الیکشن لڑتے آرہے ہیں، سابق وزیر داخلہ کی جانب سے کل این اے 63 اوراین اے59 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے کا امکان

جمعرات 7 جون 2018 18:52

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 7 جون 2018ء) ٹیکسلا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چوہدری نثار کے مقابلے میں کسی ن لیگی رہنما کا الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ن لیگ کے سردارممتاز خان نے این اے 63 سے چوہدری نثار کیخلاف الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے 25 جولائی کو ملک میں ہر صورت میں انتخابات کروانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعلان کے بعد سے ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتیں انتخابات کی بھرپور تیاریاں کرنے میں مصروف ہیں۔ جبکہ اس موقع پر سابق حکمراں جماعت ن لیگ شدید مشکلات کا شکار ہے۔ کئی حلقوں میں شدید دھڑے بندی کے باعث ن لیگ کو ٹکٹس دینے میں خاصی مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ ن لیگ کے سینئر ترین رہنما چوہدری نثار کی بغاوت بھی پارٹی کیلئے درد سر کا باعث بنی ہوئی ہے۔

گزشتہ دنوں صدر ن لیگ اور سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ چوہدری نثار ٹکٹ مانگیں یا نہ مانگیں، لیکن پارٹی انہیں ٹکٹ ضرور دے گی۔ تاہم شہباز شریف کے اس اعلان کے باوجود اب ن لیگ کے سردار ممتاز خان نے این اے 63 سے چوہدری نثار کیخلاف الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔ ٹیکسلا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چوہدری نثار کے مقابلے میں کسی ن لیگی رہنما کا الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حلقے سے سردارممتازخان کے سوا ن لیگ کے کسی دوسرے امیدوارنے ٹکٹ کیلیے درخواست نہیں دی۔ چودھری نثار گزشتہ کئی انتخابات میں اس حلقے سے الیکشن لڑتے آرہے ہیں۔ جبکہ سابق وزیر داخلہ کی جانب سے کل این اے 63 اوراین اے59 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔ چودھری نثار نے این اے 63 اور این اے59 سے الیکشن لڑنے کا اعلان پہلے ہی کر دیا تھا۔

جبکہ چودھری نثارنے پی پی 10 اور پی پی 14 سے بھی الیکشن لڑنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ایسے میں سردار ممتاز خان کی جانب سے چوہدری نثار کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد کئی سوالات نے جنم لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سردار ممتاز خان کو نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ مریم نواز کسی صورت چوہدری نثار کو ن لیگ کا ٹکٹ دینے کے حق میں نہیں ہیں۔