نگراں حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کے حوالے سے اعلان کردیا

جمعرات 7 جون 2018 22:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 7 جون 2018ء) نگراں حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کے حوالے سے اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے گزشتہ ماہ کے اختتام سے قبل ن لیگ کی حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری بھجوائی تھی۔ سمری میں مختلف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 روپے فی لیٹر تک اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔

تاہم حکومتی مدت ختم ہونے کا وقت قریب ہونے کے باعث وفاقی حکومت نے اوگرا سمری کو منظور نہیں کیا تھا۔

(جاری ہے)

ن لیگ کی حکومت کے ختم ہونے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کے حوالے سے فیصلہ نگران حکومت کو کرنا تھا۔ اب موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نگران وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نگران حکومت نے اوگرا کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی ہے۔ اس حوالے سے نگران وزیرخزانہ کا کہنا ہے وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے جیسا کوئی فیصلہ نہیں کرینگی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر وزیراعظم کو بھجوائی گئی سمری بھی واپس نہیں آئی۔ اس لیے جون کے ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔