بل گیٹس کا آرمی چیف سے ٹیلی فونک رابطہ

بل گیٹس نے پاکستان سے پولیو کےخاتمے کیلیے پاک فوج کی حمایت اوراقدامات کی تعریف کی

جمعرات 7 جون 2018 22:12

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 7 جون 2018ء):مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ بل گیٹس نے پاکستان سے پولیو کےخاتمے کیلیے پاک فوج کی حمایت اوراقدامات کی تعریف کی ۔تفصیلات کے مطابق مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

اس حوالے سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بل گیٹس نے کامیاب انسداد پولیومہم پرپاک فوج کی کارکردگی کوسراہا ہے اور پاکستان سے پولیو کےخاتمے کیلیے پاک فوج کی حمایت اوراقدامات کی تعریف کی ہے۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نےپولیوکے خاتمے کیلیے بل گیٹس کی کوششوں کی تعریف کی اور یقین دہانی کروائی کہ پاکستان کے قومی مفاد میں پاک فوج ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان دنیا کے ان تین ممالک میں شامل ہے جہاں نائیجیریا اور افغانستان کی طرح پولیو وائرس کی موجودگی پائی جا رہی ہے ۔ اس موذی وائرس کے خاتمے کے لیے جاری جنگ کے آخری مرحلے میں، بلاشبہ پاکستان نے اس وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے حوالے سے گراں قدر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ دو سال قبل، پاکستان کے مختلف علاقوں میں پولیو وائرس بڑی تیزی سے پھیل رہا تھا۔

تا ہم 24 ماہ کے قلیل عرصے میں مربوط حکمت عملی اپناتے ہوئے اور ایک نئے عزم کے ساتھ نہ صرف پولیو وائرس کی بے قابو لہروں کو پیچھے دھکیل دیا گیا ہے بلکہ پولیو وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام اور اس کے تدارک کی راہ میں حائل عدمی رکاوٹوں کا بھی سد باب کیا جا رہا ہے۔اس حوالے سے پاک فوج کا کردار نہایت ہی اہم رہا ہے۔ساڑھے تین سال پہلے مسلم لیگ ن کی حکومت نے فوج سے درخواست کی تھی کہ وہ ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کی مدد کریں اور انسداد پولیو مہم میں ساتھ دیں ۔اس حوالے سے اس وقت کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو خط بھی لکھا گیا تھا جس پر راحیل شریف نے سول حکومت ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی تھی۔