بھارت کا 2030 ء تک پٹرول و ڈیزل سے چلنے والی کاروں کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان

جمعرات 7 جون 2018 12:32

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 7 جون 2018ء)بھارت نے بڑے شہروں میں فضائی آلودگی کے سنگین مسئلہ پر قابو پانے کے لئے 2030 ء تک پٹرول و ڈیزل سے چلنے والی کاروں کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام ماحول کے تحفظ کی بین الاقوامی تنظیم گرین پیس کی طرف سے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کو دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیے جانے کے بعد کیا گیا جہاں فضائی آلودگی عالمی ادارہ صحت کی طرف سے مقرر کردہ خطرناک حد سے 13 گنا زیادہ ہے۔

بھارتی حکام کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف ایندھن کی درآمد پر خرچ ہونے والے بھاری زرمبادلہ کی بچت ہو گی بلکہ کاروں کے اخراجات بھی کم ہوں گے۔روایتی ایندھن استعمال کرنے والی کاروں کی جگہ بجلی سے چلنے والی کاریں متعارف کرائی جائیں گی اور 2030 ء کے بعد ملک میں ڈیزل یا پٹرول سے چلنے والی کوئی گاڑی فروخت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لئے حکومت کی طرف سے الیکٹرک کاریں تیار کرنے والے اداروں کی دو تا تین سال تک مدد بھی کی جائے گی تاہم یہ سبسڈی کی صورت میں نہیں ہوگی۔گرین پیس کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں فضائی آلودگی سالانہ 23 لاکھ اموات کا باعث بنتی ہے۔اس کے علاوہ فضائی آلودگی کے ملکی جی ڈی پی کی شرح پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔