سعودی عرب، ایران کیلئے جاسوسی کرنے والے 4سعودی شہریوں کو سزائے موت

چاروں نے سعودی عرب میں دہشتگردی کیلئے تہران، مشہد اور قم میں تربیت حاصل کی

جمعہ 8 جون 2018 17:33

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 8 جون 2018ء)سعودی عدالت نے ایران کے لئے جاسوسی کرنے والے 4سعودی شہریوں کو موت کی سزا سنا دی،چاروں نے سعودی عرب میں دہشتگردی کیلئے تہران، مشہد اور قم میں تربیت حاصل کی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہاں فوجداری کی سعودی عدالت نے سعودی عرب کیخلاف ایران کیلئے سراغ رسانی کرنیوالے 4سعودیوں کو موت کی سزا سنا دی۔

(جاری ہے)

ان چاروں نے احمد المغسل کی عمارت میں ایک دہشتگرد گروہ قائم کیا تھا المغسل زیر حراست ہے اور اسے 1996 کے دوران الخبر ٹاورز بم دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے۔ چاروں نے سعودی عرب میں دہشتگردی کیلئے تہران، مشہد اور قم میں تربیت حاصل کی تھی۔ انہیں القطیف میں ہنگامہ آرائیوں کی ناکامی کے بعد حزب اللہ الحجازکے احیا کا ٹارگیٹ بھی دیا گیا تھا۔ فوجداری کی عدالت نے انہیں نشان عبرت بنانے کیلئے موت کی سزا سنائی ہے۔