اصغر خان کیس ،از شریف اور سراج الحق نے اپنے بیانات سپریم کورٹ میں جمع کرا دئیے،پیسے لینے کی تردید

ہفتہ 9 جون 2018 18:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 9 جون 2018ء)اصغر خان کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے بیانات سپریم کورٹ میں جمع کرا دئیے۔ نوازشریف نے کہا کہ جنرل اسد درانی سے پیسے لیے نہ یونس حبیب سے کوئی رقم وصول کی جبکہ سراج الحق نے بھی الزامات کو غلط قرار دے دیا۔ اصغر خان کیس میں نوازشریف کی جانب سے جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا گیا۔

سابق وزیر اعظم نے اسد درانی اور یونس حبیب سے پیسے لینے کے الزامات مسترد کر دئیے۔ اپنے جواب میں نواز شریف نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل اسد درانی یا ان کے کسی نمائندے سے 35 لاکھ روپے نہیں لیے۔ یونس حبیب سے بھی 60 لاکھ روپے وصول کر نے کا الزام بے بنیاد ہے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اس حوالے سے 14اکتوبر 2015 کو ایف آئی اے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے بیان ریکارڈ کروا چکا ہوں۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی سرا ج الحق نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے آئی ایس آئی سمیت کسی سے کبھی کوئی رقم نہیں لی، جماعت اسلامی 2007 میں رضاکارانہ طور پر عدالتی کارروائی کا حصہ بنی۔ بیان حلفی دیا تھا کہ جماعت اسلامی پر عائد الزامات غلط ہیں، بطور امیر جماعت کسی بھی فورم پر پیش ہونے کو تیار ہوں۔ سپریم کورٹ نے اصغر خان عملدرآمد کیس میں آئی ایس آئی سے رقم وصول کرنے کے سلسلے میں نواز شریف، جاوید ہاشمی، عابدہ حسین، سمیت 21 سیاستدانوں علاوہ فوجی افسروں، ڈی جی ایف آئی اے، اور نیب سے جواب طلب کیا تھا۔بابر انور عباسی