لاہور میں تحریک انصاف اور ن لیگ کے کارکنوں میں تصادم، ن لیگی کارکن کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا

ہفتہ 9 جون 2018 21:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 9 جون 2018ء) لاہور میں تحریک انصاف اور ن لیگ کے کارکنوں میں تصادم، ن لیگی کارکن کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کے دن قریب آتے ہیں جہاں ملک کے دوسرے شہروں میں سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، وہیں لاہور میں بھی سیاسی درجہ حرارت خاصا بڑھ چکا ہے۔

ملک کی بڑی سیاسی جماعتیں خاص کر تحریک انصاف اور ن لیگ بھرپور مقابلے کیلئے بھرپور تیاریاں کرنے میں مصروف ہیں۔ ایسے میں کئی مرتبہ سیاسی جماعتوں کے درمیان کسی چھوٹی موٹی بات پر تصادم بھی ہو جاتا ہے جو بعد ازاں افسوسناک صورتحال اختیار کر جاتا ہے۔ کچھ ایسا ہی لاہور کے علاقے فیروزوالا میں بھی ہوا۔ ہفتے کے روز لاہور کے علاقے فیروزوالا میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

(جاری ہے)

لاہور کے علاقے فیروزوالا میں تحریک انصاف اور ن لیگ کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا جو بعد ازاں زیادہ شدت اختیار کر گیا اور ایک شخص اپنی جان کی بازی ہار بیٹھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تصادم کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے بھی فائرنگ کر دی گئی۔ فائرنگ کے باعث ن لیگ کا کارکن وسیم شدید زخمی ہوگیا اور بعد ازاں جان کی بازی بھی ہار بیٹھا۔ وسیم کی والدہ اور دیگر اہل خانہ نے انہیں انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ پولیس اب تک قاتلوں کو پکڑنے میں ناکام ہے۔