تحریک انصاف سے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے والوں کا مخالف جماعت سے رابطہ

وقاص موکل اور عبدالرشید بھی ٹکٹ نہ ملنے پر مسلم لیگ (ن) میں شامل ، سابق وفاقی وزیر شاہد بھٹو کا بھی20دن کے اندر اچانک یوٹرن ، دوبارہ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ،پی پی پی کا خیرمقدم

جمعہ 8 جون 2018 23:20

لاہور /کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 8 جون 2018ء) پاکستان تحریک انصاف سے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے والوں نے مسلم لیگ (ن) سے رابطہ کر لیا ۔ وقاص موکل اور عبدالرشید بھی ٹکٹ نہ ملنے پر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے ۔ جمعہ کو نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی سے ٹکٹ نہ ملنے والوں نے (ن) لیگ سے رابطہ کر لیا ۔ وقاص موکل نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی ۔

تحریک انصاف نے وقاص موکل کو ٹکٹ جاری نہیں کیا تھا ۔ عبدالرشید بھٹی بھی ٹکٹ نہ ملنے پر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے ۔

(جاری ہے)

سابق وزیرِاعظم بینظیر بھٹو کے قریبی عزیز شاہد بھٹو نے دوبارہ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔الیکشن سے قبل سیاسی وابستگیاں بدلنے کا سلسلہ بھی چل نکلا ہے۔ سابق وفاقی وزیر شاہد بھٹو نے اچانک یوٹرن لیتے ہوئے دوبارہ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ۔ پی پی پی رہنما نثار کھوڑو نے ان کو واپسی پر خوش آمدید کہا ہے۔ خیال رہے کہ شاہد بھٹو 20 روز قبل ہی پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔شاہد بھٹو نے دعوی کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے این اے 200 پر ٹکٹ دینے کا کہنا تو انکار کر دیا کیونکہ میں بلاول بھٹو کیخلاف الیکشن نہیں لڑ سکتا۔