مسلم لیگ ن کی قیادت نے جاوید ہاشمی کو این اے 155 سے ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا

این اے 156 سے شاہ محمود قریشی کا مقابلہ کرنے کی پیشکش کی جا رہی ہے،جاوید ہاشمی نے این اے 156 الیکشن لڑنے کا انکار کر دیا

ہفتہ 9 جون 2018 21:32

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 9 جون 2018ء):مسلم لیگ ن کی قیادت نے جاوید ہاشمی کو این اے 155 سے ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا۔ این اے 156 سے شاہ محمود قریشی کا مقابلہ کرنے کی پیشکش کی جا رہی ہے،جاوید ہاشمی نے این اے 156 الیکشن لڑنے کا انکار کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سال 2018 پاکستان کی پارلیمانی سیاست میں ایک اہم اور تاریخی سال ہے۔

تاریخ میں پہلی مرتبہ 2 جمہوری حکومتیں اپنے اپنے آئینی ادوار مکمل کر کے رخصت ہو چکی ہے۔2018 انتخابات کا سال ہے۔ایک جانب ملکی اداروں نے انتخابات کی تیاری شروع کر رکھی ہے تو دوسری جانب سیاسی جماعتوں نے انتخابات کی تیاریاں شروع کر رکھی ہیں۔ایک جانب سیاسی پاور شو جای ہیں تو دوسری جانب سے اپنے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے آج ملک کے طول و عرض سے اپنے انتخابی امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن میں ابھی انتخابی امیدواروں کی نامزدگی کا سلسلہ جاری ہے۔تازہ ترین خبر کے مطابق جاوید ہاشمی کوٹکٹ دینا مسلم لیگ ن کے لیے درد سر بن گیا۔جاوید ہاشمی این اے 155 سے انتخاب لڑ نے کے خواہش مند تھے تاہم مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے جاوید ہاشمی کو این اے 155 سے ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا۔

اس کے علاوہ جاوید ہاشمی مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر این اے 158 سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ این اے 158 سے بھی جاوید ہاشمی کو ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔قیادت کی خواہش ہے کہ جاوید ہاشمی این اے 156 سے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا مقابلہ کریں لیکن جاوید ہاشمی نے این اے 156 الیکشن لڑنے کا انکار کر دیا ہے۔