صدر ممنون حسین اور چینی ہم منصب شی جن پنگ کادوطرفہ آزمودہ سٹریٹجک تعاون کو مزیدمضبوط بنانے پر اتفاق

چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتاہے، پاکستان کے ساتھ تعلقات کی ترجیحی حیثیت برقرار رہیگی، دہشت گردی کے خلاف جنگ اورافغانستان وخطے میں امن اوراستحکام کیلئے پاکستان کا کرداراورکوششیں قابل تعریف ہے، چینی صدر کی گفتگو

ہفتہ 9 جون 2018 22:24

چنگ ڈاؤ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 9 جون 2018ء)صدرمملکت ممنون حسین اورچین کے صدرشی جن پنگ نے پاکستان اورچین کے درمیان آزمودہ سٹریٹجک تعاون کو مزیدمضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ شی چن پھنگ نے کہاہے کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتاہے، پاکستان کے ساتھ تعلقات کی ترجیحی حیثیت برقرار رہیگی، دہشت گردی کے خلاف جنگ اورافغانستان وخطے میں امن اوراستحکام کیلئے پاکستان کا کرداراورکوششیں قابل تعریف ہے۔

دونوں رہنمائوں کے درمیان دوطرفہ ملاقات چین کے شہرچنگ ڈاؤ میں ہوئی۔ صدرمملکت ممنون حسین صدر شی جن پنگ کی دعوت پر شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل کے اٹھارہویں اجلاس میں شرکت کیلئے چین کے دورے پر ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوںنے پاک چین دوطرفہ تعلقات اورباہمی دلچسپی کے علاقائی اورعالمی امورپر تفصیلی گفتگو کی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے شی جن پنگ کو دوبارہ چین کے صدر اورچین کی کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پرمبارکباد دی۔

انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل کے اٹھارہویں اجلاس کی میزبانی پرچین کومبارکباددی اوراس کی کامیابی کیلئے نیک تمناو ں کا اظہارکیا۔صدرمملکت نے کہاکہ پاکستان نے چین کے بطور چئیرمین شنگھائی تعاون تنظیم تقرری کی حمایت کی ہے ، پاکستان گزشتہ ایک سال میں اس تنظیم میں چین کی جانب سے مختلف اقدامات اورتجاویز کی حمایت کرتاہے۔

چین کے صدر شی جن پنگ نے تنظیم کارکن بننے کے بعد سے تنظیم میں پاکستان کے انتہائی فعال شرکت کی تعریف کی۔دونوں رہنماوں نے پاکستان اورچین کے درمیان آزمودہ سٹریٹجک شراکت داری اورقریبی دوستانہ تعلقات پرروشنی ڈالی اورکہاکہ پاکستان اورچین نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیاہے ، دونوں ممالک وقت کی آزمائش پرپورا اترے ہیں اور دونوں ممالک آزمودہ تعلقات، تعاون اورشراکت داری کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

دونوں رہنمائوں نے بنیادی مفاد کے امورپرایک دوسرے کی حمایت سے اتفاق ظاہرکیا۔ دونوں صدور نے قرار دیا کہ پاک چین تعلقات استحکام کا ستون ہے، انہوں نے علاقائی اورعالمی اہمیت کے تمام امورپرقریبی روابط براقراررکھنے سے اتفاق ظاہرکیا۔چین کے صدر نے کہاکہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتاہے، پاکستان کے ساتھ تعلقات کی ترجیحی حیثیت برقرار رہیگی۔

صدرمملکت ممنون حسین نے صدر شی جن پنگ کی روڈ اینڈ بیلٹ اقدام اورچین پاکستان اقتصادی راہداری میں صدر شی جن پنگ کی ذاتی دلچسپی کی تعریف کی اورکہاکہ سی پیک روڈ اینڈ بیلٹ اقدام کا کامیاب مشعل بردار منصوبہ ہے۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف منصوبوں کی جلد تکمیل سے اتفاق کیا اور کہاکہ منصوبوں کی جلد تکمیل سے پاکستان میں اقتصادی ترقی کے منزل کے حصول میں مدد ملیگی۔ دونوں رہنماؤ ن نے پاکستان اورچین کے درمیان تجارت میں توازن اوربہتری لانیپر اتفاق کیا۔ صدر شی جن پنگ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اورافغانستان وخطے میں امن اوراستحکام کیلئے پاکستان کے کرداراورکوششوں کی تعریف کی۔ دونوں صدور نے باہمی دلچسپی کے تمام امورمیں قریبی رابطوں سے اتفاق ظاہرکیا۔