دُبئی:پاکستانی خاتون نے دس لاکھ ڈالر کی لاٹری جیت لی

خاوند کی تاریخِ پیدائش کے ہندسوں والالاٹری نمبر خریدنا خوش بختی بن گیا

ہفتہ 9 جون 2018 15:56

دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 9 جون 2018ء) پاکستانی خاتون اور بھارتی شہری دُبئی ڈیوٹی فری مِلینیم کروڑ پتی ڈرا میں دس لاکھ امریکی ڈالر کی رقم جیتنے میں کامیاب ہو گئے۔ اس ڈرا کا اعلان دُبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل نمبر ایک پر کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق‘ کراچی کی رہائشی34 سالہ لامعہ مصطفی نے اپنے خاوند کے جنم دِن پر مشتمل لاٹری کا ٹکٹ نمبر 4912 خریدا جو قرعہ اندازی میں پہلے انعام کا حق دار ٹھہرا۔

لامعہ ا س لاٹری سکیم کے لیے ماضی میں بھی باقاعدگی سے ٹکٹ خریدتی رہی ہے۔ اُسے انعام کا سُن کر اپنی قسمت پر یقین نہیں آ رہا تھا ۔ لامعہ نے کہا ’’میں نے کبھی اُمید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ میں جانتی تھی کہ ایک دِن میں یہ انعام رقم جیتوں گی اور وہ دِن آج ہی کا دِن ہے۔

(جاری ہے)

مجھے اس شاندار جیت سے نوازنے پر دُبئی ڈیوٹی فری والو‘ آپ کا بہت شکریہ!‘‘ جبکہ اِسی مالیت کی انعام رقم شارجہ میں مقیم بھارتی 31 سالہ بھارتی شہری ارُون بھاسکرن پِلائے نے بھی جیت لی۔

بھاسکر شارجہ کی ایک کمپنی میں میٹریل کنٹرولر کی ذمے داری سنبھالتا ہے۔ اُس کے مطابق وہ یہ انعامی رقم اپنے اُن چار دوستوں میں بھی تقسیم کرے گا جنہوں نے لاٹری ٹکٹ کی خرید کے لیے رقم کی صورت میں حصّہ ڈالا تھا۔اس کے علاوہ دیگر انعامات کا بھی اعلان کیا گیا۔ دُبئی میں مقیم 62 سالہ برطانوی شہری فریڈرک بینڈل پورشے پانامیرا 4 لگژری کار جیتنے میں کامیاب ہوا۔

بینڈل کے مطابق وہ پچھلے 18 سال سے لاٹری ٹکٹ خرید رہا تھا‘ آخر اس بار قسمت نے اُس کا بہت اچھی طرح ساتھ دِیا۔سعودی عرب کے باشندے اے آر علی جعفری بی ایم ڈبلیو 750 Li Luxuury کار کے حقدار ٹھہرے۔ جعفری گزشتہ پندرہ سال سے یہ لاٹری ٹکٹ خرید رہے تھے۔ جبکہ بھارتی نژاد آسٹریلوی شہری کرشنا نائیڈو بی ایم ڈبلیو R-1200 کی موٹر بائیک جیتنے پر خوشی سے سرشار نظر آئے۔