مسقط :اومان جانے کے خواہش مندوں کے لیے مایوسی کی خبر آ گئی

غیر مُلکیوں کے لیے ویزوں کے اجراء پر عائد پابندی میں مزید چھ ماہ کی توسیع

ہفتہ 9 جون 2018 17:17

مسقط(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 9 جون 2018ء)روزگار کے سلسلے میں اومان جانے کے خواب دیکھنے والوں کو ابھی اور انتظار کرنا پڑے گا کیونکہ اومانی حکام کی جانب سے غیر مُلکیوں کے لیے روزگار کے ویزوں پر لگائی پابندی میں مزید چھ ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔ ایک مقامی اخبار کے مطابق اومان کی وزارت برائے افرادی قوت کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق مملکت کے مختلف صنعتی اور کاروباری شعبوں میں غیر مُلکی افراد کی بھرتی پر عائد عارضی پابندی کو برقرار رکھتے ہوئے اس میں مزید چھ ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مزید چھ ماہ کی پابندی کے فیصلے کا اطلاق یکم جنوری 2018ء سے شروع ہو کر 31 دسمبر 2018ء تک مؤثر رہے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لکڑی‘ دھات‘ ایلومینیم ورکشاپس اور بھٹہ فیکٹریوں میں غیر مُلکیوں کی بھرتی پر بھی اس فیصلے کا اطلاق ہو گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اومان میں بڑی تعداد میں غیر ملکی متعلقہ شعبوں میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

مگر مُلک میں موجود بڑی تعداد میں بے روزگار افرادی قوت کو مد نظر رکھتے ہوئے بہت سے شعبوں میں غیر ملکیوں کی مزید بھرتی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ اومانی شہریوں کو بڑی تعداد میں برسرروزگار کیا جا سکے۔ عوام میں بھی گزشہ چند عشروں کے دوران مملکت میں موجود ملازمتوں پر غیر ملکیوں کی بھرتی کو تشویش کی نظر سے دیکھا جا رہا تھا اور مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ تعلیم یافتہ اور مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے اومانی شہریوں کو ملازمتوں کے دوران ترجیح دی جائے اور آہستہ آہستہ غیر ملکی ملازمین کی تعداد میں کمی لائی جائے۔

تاکہ اومانی عوام کو بے روزگاری کے مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔تاہم دُوسری جانب اومانی وزارت برائے افرادی قوت کے اس فیصلے کو اُن غیر ملکی افراد نے بہت مایوس کُن قرار دیا ہے جو یکم جولائی 2018ء سے غیر ملکیوں پر لگائی گئی عارضی بھرتی ختم ہونے کی اُمید لگائے بیٹھے تھے۔ تاکہ وہ روزگار کے سلسلے میں اومان کا رُخ کر سکیں۔ اب اومان جانے کے خواہش مند افراد کو مزید چھ ماہ کا انتظار کرنا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :